حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر اسدیہ کے اہل سنت امام جمعہ مولوی سید احمد موسوی عبداللہی نے خراسان جنوبی میں نمائندہ ولی فقیہ سے ملاقات کے دوران حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت اور ہفتۂ وحدت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: امید ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو توفیق عطا فرمائے کہ ہم خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی پیروکار اور سچے مبلغ بنیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاکیزہ سیرت پر عمل کریں اور احکام الٰہی کے پابند رہیں۔
انہوں نے معاشرے میں وحدت کے فروغ اور اسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آیت کریمہ «محمد رسول الله والذین معه أشداء علی الکفار رحماء بینهم» کا حوالہ دیا اور کہا: اگر مسلمان اس آیت کے اسی حصے پر عمل کریں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اس آیت میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رہنے والے مؤمنین کی یہ خصوصیت بیان کی گئی ہے کہ وہ دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط اور بااقتدار جبکہ آپس میں ایک دوسرے کے لیے مہربان اور رحم دل ہوتے ہیں۔
مولوی سید عبداللہی نے قرآن کریم کی متعدد آیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: قرآن مسلمانوں کو وحدت کی دعوت دیتا اور اختلاف سے خبردار کرتا ہے، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس ممانعت پر جس طرح توجہ دینی چاہیے تھی، اس طرح نہیں دی گئی۔
انہوں نے آیت «ولا تنازعوا فتفشلوا وتذهب ریحکم» کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ باہمی نزاع اور اختلاف کمزوری اور سستی کا باعث بنتا ہے اور مسلمانوں کی ہیبت، غیرت، عزت اور شوکت کو ختم کر دیتا ہے۔
مولوی عبداللہی نے تاریخی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مسلمانوں نے جب بھی عزت اور سربلندی حاصل کی، وہ اتحاد، یکجہتی اور باہمی انسجام کے سائے میں حاصل کی۔ آج بھی ہمیں امت کے اس انتہائی اہم اور بنیادی تصور کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔









آپ کا تبصرہ