تحریر: مولانا ڈاکٹر عابد رضا، حوزہ علمیہ قم
مقدمہ
بزرگ شخصیات کی ولادت ، وفات اور شہادت کی صرف تاریخیں دیکھ کر اکتفا نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ان کی زندگی سے درس اور عبرت حاصل کرنی چاہیے۔ حضرت امّ البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت میں آج کے دور میں دینی گھرانوں کی رہنمائی کےلئے کئی روشن پہلو موجود ہیں۔
۱۔ صالح نسل کی تربیت میں ماں کا بنیادی کردار
صالح نسل کی تربیت میں ماں کا کردار نہایت اہم ہے۔ حضرت امّ البنینؑ نے چار پھول جیسے فرزندوں کی تربیت کی۔
درس: مرد کی ذمہ داری ہے کہ حلال روزی اور پاکیزہ غذا کا انتظام کرے اور شریکِ حیات سے محبت اور مہربانی سے پیش آئے۔ عورت کی ذمہ داری ہے کہ گھر میں سکون اور تربیت کی فضا قائم رکھے۔
۲۔ اہلِ بیتؑ سے محبت اور خدمت، سعادت و محبوبیت کا سبب
اہلِ بیتؑ سے محبت اور ان کی خدمت انسان کی سعادت اور محبوبیت کا سبب بنتی ہے۔ حضرت امّ البنینؑ اس کی بہترین مثال ہیں، جو اہلِ بیتؑ کے تمام محبت کرنے والوں کے درمیان محبوب بن گئیں۔
درس: اہلِ بیتؑ سے محبت انسان کی شخصیت، عزت اور کرامت کا سبب بنتی ہے۔
۳۔ اولاد کی کثرت سے گریز نہ کریں
حضرت امّ البنینؑ چار بیٹوں کی ماں تھیں، جن کے ذریعے شیعہ نسل کو دین کے مددگار فرزند نصیب ہوئے۔
درس: یہ نہ کہیں کہ اخراجات بہت زیادہ ہیں یا بچوں کی تربیت مشکل ہے۔ بچے ایک دوسرے کی تربیت میں بھی مددگار اور مؤثر ہوتے ہیں، اور رزق اللہ عطا کرتا ہے۔ ہمیں اللہ پر ایمان اور توکل رکھنا چاہیے۔
۴۔ بچوں کی تربیت کا محور اہلِ بیتؑ سے محبت اور خدمت ہو
اہلِ بیتؑ سے محبت بچوں کی تربیت اور ہدایت کا سبب بنتی ہے۔
درس: اگر ہم اپنے بچوں کی تربیت خدا، رسولؐ اور آلِ رسولؑ کی محبت کے ساتھ کریں تو یہ محبت انہیں کمال اور ہدایت کی بلندیوں تک پہنچا دیتی ہے۔
۵۔ زندگی کو سادہ اور بے تکلف رکھیں
عورت کی ذمہ داری شوہر اور گھر کے لیے سکون کا ذریعہ بننا ہے، اور مرد کی ذمہ داری اپنی استطاعت کے مطابق آسائش فراہم کرنا ہے۔
درس: بعض مشکلات حکام کے ظلم اور کوتاہی کا نتیجہ ہیں، لیکن کچھ محرومیاں ہماری بے جا توقعات اور غیر دینی و غلط طرزِ زندگی سے بھی وابستہ ہیں۔ کم جہیز، کم مہر اور شادی کی تقریبات کو مختصر کر کے، یا صرف ایک سادہ دعوت کے ذریعے، شادیوں کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔
۶۔ بچے والدین، خصوصاً ماں کے کردار اور گفتار کا آئینہ ہوتے ہیں
حضرت امّ البنینؑ کے چار مؤدب، متقی اور کامیاب فرزند ان کے ادب اور معرفت کا ثمرہ تھے۔
درس: ہمارے بچوں کی تربیت ہمارے اپنے کردار کا عکس ہوتی ہے۔
۷۔ شوہر اور اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ احترام اور ادب
عورت جب شوہر اور شوہر کے گھر کے افراد کے ساتھ احترام اور ادب سے پیش آتی ہے تو بچے بھی اپنے والد اور ایک دوسرے کے ساتھ احترام و ادب سے پیش آنا سیکھتے ہیں۔
درس: اگر ہم چاہتے ہیں کہ بچے والدین کا احترام کریں تو شوہرٗ بیوی کو چاہیے کہ ایک دوسرے کی بے حرمتی نہ کریں۔
۸۔ سعادت صحیح طرزِ زندگی میں ہے، لوگوں کی پسند میں نہیں
سعادت اس صحیح طرزِ زندگی میں ہے جو عقل اور شرع کے مطابق ہو، نہ کہ لوگوں کی رائے اور پسند کے مطابق۔
درس: حضرت امّ البنینؑ نے اپنی زندگی کا معیار رضائے الٰہی اور امامؑ کی خدمت کو بنایا، لوگوں کی رائے اور ملامت کو نہیں۔
اللّٰهم صلِّ علیٰ محمد و آلِ محمد و عجِّل فرجہم










آپ کا تبصرہ