جمعرات 27 اگست 2026 - 15:25
میلادالنبیؐ انسانیت، امن اور اتحاد کا پیغام ہے: محمد دیپک کمار

حوزہ/ حیدرآباد دکن میں کل ہند بزم رحمت عالم پیس ایوارڈ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اتراکھنڈ کے سماجی کارکن دیپک کمار عرف "محمد دیپک کمار" نے کہا ہے کہ تمام مذاہب قابل احترام ہیں، تاہم انسانیت سب سے بڑھ کر اہمیت رکھتی ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات احترامِ انسانیت، محبت، امن اور اتحاد پر زور دیتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد دکن میں کل ہند بزم رحمت عالم پیس ایوارڈ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اتراکھنڈ کے سماجی کارکن دیپک کمار عرف "محمد دیپک کمار" نے کہا ہے کہ تمام مذاہب قابل احترام ہیں، تاہم انسانیت سب سے بڑھ کر اہمیت رکھتی ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات احترامِ انسانیت، محبت، امن اور اتحاد پر زور دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسے دور میں مکہ مکرمہ میں تشریف لائے جب معاشرے میں انسان تو موجود تھے، لیکن انسانیت اپنی حقیقی روح سے محروم تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نامساعد حالات کے باوجود انسانیت کو وحدت، محبت اور امن کا درس دیا۔

یہ تقریب 12 ربیع الاول کو خواجہ منشی فنکشن ہال، مانصاحب ٹینک میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت بزم رحمت عالم کمیٹی کے صدر اور سینئر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ایم اے مجیب نے کی۔ تقریب میں اہلسنت عالم مولوی محمد شمیم الزماں قادری کولکتہ اور مولوی سید قاسم اشرف کچھوچھوی شریف، اترپردیش، مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

ایم اے مجیب ایڈووکیٹ نے علماء اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے ہر سال 12 ربیع الاول کو امن ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ظلم و زیادتی، ناانصافی، تشدد اور خونریزی کے خلاف جدوجہد کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن و امان اور اتحاد کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2026 کا امن ایوارڈ اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماجی کارکن دیپک کمار، عرف محمد دیپک کمار کو دیا گیا، تاکہ امن و اتحاد کے لیے ان کی کاوشوں کی مزید حوصلہ افزائی ہو۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولوی سید قاسم اشرف کچھوچھوی نے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی مقدس کتاب اور پوری انسانیت کے لیے دستورِ حیات ہے۔ دنیا کے قوانین میں تبدیلی ممکن ہے، لیکن قرآن مجید کے احکام اور آیات میں قیامت تک کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمانوں کے درمیان باہمی ہمدردی، اخوت، محبت، اتحاد اور عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔ اسلامی تعلیمات میں دہشت گردی کا کوئی تصور نہیں، بلکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اعلیٰ اخلاق و کردار سے متاثر ہو کر لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہوئے۔

مولوی سید متین علی شاہ قادری، صدر آل انڈیا قرأت اکیڈمی و خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ، نے کہا کہ سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ظلم، زیادتی اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہیں اور آپ نے ظلم کے خاتمے، عدل کے قیام اور مظلوم کی حمایت پر زور دیا۔

مولوی مظفر علی خان بندہ نوازی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت انسانیت، اخلاق اور خیر خواہی کا درس دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خاتم النبیین بنا کر مبعوث فرمایا اور آپ کی حیاتِ مبارکہ کو پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ دیپک کمار، جنہیں اب محمد دیپک کمار کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اتراکھنڈ کے کوٹ دوار سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن اور جم ٹرینر ہیں۔ وہ اس وقت اس وقت نمایاں ہوئے جب جنوری 2026 میں کوٹ دوار میں ایک بزرگ مسلمان دکاندار کو مبینہ طور پر دکان کا نام تبدیل کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تو دیپک کمار ان کے دفاع میں کھڑے ہوگئے اور مذہبی بنیاد پر امتیازی سلوک کی مخالفت کی۔ ان کے اس اقدام کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسانی یکجہتی کی مثال کے طور پر سراہا گیا، تاہم انہیں اس کے بعد مخالفت، دھمکیوں اور اپنے جم کے بائیکاٹ جیسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اسی پس منظر میں آل انڈیا بزم رحمت عالم نے انہیں رحمت عالم امن ایوارڈ 2026 دینے کا اعلان کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha