حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد حسن صافی گلپایگانی نے ایران کے شہر قم کی مسجد اعظم میں اپنے فقہ کے درس خارج کے آغاز میں میلاد حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: انسان پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقت کو بیان کرنے سے عاجز ہے اور بڑے محققین اور دانشور حضرات نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا: جس طرح پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پہچاننے کا حق تھا اس طرح ہم نے نہیں پہچانا۔
استاد حوزہ علمیہ قم نے مزید کہا: دنیا میں قرآن مجید کی توہین کا سبب یہ ہے کہ ہم نے دنیا والوں کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحیح شناخت نہیں کرائی۔
حجت الاسلام والمسلمین صافی گلپایگانی نے کہا: اگر حوزہ علمیہ اور علمائے دین دنیا والوں کو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے آگاہ کریں تو بشریت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے سر تسلیم خم کر دے۔ جیسا کہ بہت سارے مسیحی اور یہودی دانشوروں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متعلق کتابیں لکھی ہیں اور ان کی عظمت کا اعتراف کیا ہے۔