۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ اللہ کے دین اور اپنی امت کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی۔ آج پوری امت اسلامیہ ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہی ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: آج امت محمدی (ص) کو اتحاد و وحدت کی عملی تصویر پیش کرنی چاہیے تا کہ استعمار کے ایجنڈوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا: 12ربیع الاول سے 17ربیع الاول تک امام امت رہبر کبیر امام خمینی (رہ) نے تمام مسالک کے لیے ہفتۂ وحدت قرار دیا۔ فرمانِ الہی "اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور فرقوں میں تقسیم نہ ہو" کے مطابق جو عناصر امت کے درمیان تفرقہ ڈال رہے ہیں وہ نہ سنی ہیں نہ شیعہ بلکہ وہ استعمار کے آلہ کار ہیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے پاکستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا: ملک پاکستان میں کچھ شرپسند مذہب کے نام پر شیعہ سنی کو لڑانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ریاست پاکستان اور امنیتی ادارے ایسے عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے تاکہ ملک میں فرقہ واریت کا قلع قمع کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا: عصر حاضر میں عالم اسلام کے رہنما سیرت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر دشمن کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ آج دنیا جن مشکلات کا شکار ہے جس کی بڑی وجہ مذہب سے دوری ہے ۔ تمام طبقات کے یکساں حقوق دین الٰہی اور سیرت رسول خدا میں پوشیدہ ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .