حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما اور امام جمعہ ملبورن حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے پاکستان کے موجودہ نازک حالات پر تبصرہ کرتے کہا: جو حالات ملک پاکستان میں نظر آ رہے ہیں عوام میں روز بروز مایوسی بے چینی پھیل رہی ہے اور لگتا ہے کہ کوئی قانون نامی چیز نظر نہیں آتی جس سے نہ کوئی سیاسی رہنما اور مذہبی محفوظ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا: پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے ۔ سیاسی حکمرانوں کی نورا کشتی سے دنیا میں مثبت پیغام نہیں جا رہا ہے۔ پاکستان آرمی کی ملک کے لیے جو قربانیاں ہیں پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھے گی۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: اگر مجالس عزاء، جلوسوں اور مذہبی رہنماؤں پر حملہ کرنے والوں دہشتگردوں کو کسی ایک کو سزا مل جاتی تو آج سیاسی رہنماؤں پر قاتلانہ حملے نہ ہوتے۔ آج حالات کا تقاضا ہے کہ مجالس عزاء، جلوس ہائے عزاء اور مذہبی اور سیاسی رہنماؤں پر حملے کرنے والوں دہشتگردوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
امام جمعہ ملبورن نے مزید کہا: ملک کی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو اپنی پالیسیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ سیاسی جنگ کے ماحول کا خاتمہ ہو اور ایک دوسرے پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ ختم ہو سکے۔