۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ باقر زیدی

حوزہ/ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر نے کہا کہ پاکستان میں تکفیری سوچ کے حامل مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو محب رسول (ص) شیعہ سنی عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جسے عوام کو تدبر اور فراست کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس پورے ہفتے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کرکے عظیم وحدت کا پیغام دینں ے، تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں، ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی مل کر میلاد النبی (ص) کے جلوس نکالیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے جشن ولادت باسعادت نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر وحدت ہاؤس انچولی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ صادق جعفری، مولانا حیات عباس نجفی، مولانا نشان حیدر ساجدی، میر تقی ظفر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح سرزمین پاکستان میں بھی شیعہ سنی متحد ہیں، کوئی فرقہ واریت نہیں چند مٹھی بھرتکفیری سوچ کے حامل افراد ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ نبی کریم (ص) کی ذات اقدس دنیا بھی مسلمانوں کیلئے نقطہ وحدت ہے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبر ختمی مرتب (ص) سے استفادہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کی زد پر ہے، یمن، نائجیریا، عراق، شام امریکی گماشتوں کی تجربہ گاہ بنے ہوئے ہیں تو دوسری جانب سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت امت مسلمہ کیخلاف منظم سازش ہے، امت مسلمہ کو قرآن و سنت اور اہلبیت ؑ سے متمسک رہ کر عالم کفر کی تمام تر نجس سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان میں تکفیری سوچ کے حامل مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو محب رسول (ص) شیعہ سنی عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جسے عوام کو تدبر اور فراست کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ایم ڈبلیو ایم سندھ مختلف تقریبات اور سیمینار کا انعقاد کر ے بھرپور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ اپنے مولا و آقا حضرت محمد (ص) کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .