۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان: پیغمبر اکرم کی سیرت و تعلیمات امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں،تمام مسلمان سینکڑوں مشترکات کی روشنی میں باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے جزوی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈالے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ منجی بشیریت‘ خاتم النبین‘ رحمت اللعالمین‘ ہادی برحق حضور اکرم کا اسوہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ ہے‘ جشن میلاد النبی 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جائے‘ گروہ بندی‘ لاقانونیت‘ فرقہ واریت‘ بدامنی اور انتشار کا خاتمہ بھی پیغمبر اسلام کی سیرت وتعلیمات پر عمل پیرا ہوکرہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سینکڑوں مشترکات کی روشنی میں باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے فروعی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈالے اور حکم قرآنی اور سیرت رسول اکرم کا تقاضا ہے کہ امت محمدی کی وحدت اور اتحاد کے لئے کام کیا جائے اور موجودہ پرفتن دور اور سنگین حالات میں رحمت اللعالمین کی سیرت و کردار سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور فروعی وجزوی مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ امت مسلمہ میں بلاتفریق مسلک و مکتب اختلافات کے خاتمے، امن و آشتی کے فروغ کا راستہ اپناکر ہم خالق کائنات ، پیغمبر گرامی کی خوشنودی حاصل کرسکیں۔

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ 57 اسلامی ممالک میں سے وطن عزیز پاکستان کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں ہم نے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے تنظیمی شکل میں اتحاد کا فورم تشکیل دیا اس کی حمایت کی جائے تاکہ ملت مسلمہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کرکے انسانیت دشمن عناصر پر واضح کیا جائے کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچاسکتے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .