حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں طلباء اور مومنین کے لئے درسی نشست منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی جامعہ بعثت کے استاد علامہ سید مہدی کاظمی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی تھے۔
تفصیلات کے مطابق، مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرنسپل علامہ مقصود علی ڈومکی نے درسی نشست کے آغاز میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے بغیر معاشرے کی اصلاح ممکن نہیں، لہٰذا ہمیں اپنی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے کوشاں رہنا چاہیے، تاکہ تعلیم و تربیت حاصل کر کے معاشرے کی اصلاح کر سکیں۔
اس علمی اور درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید مہدی کاظمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر مہربان ہے اس کی رحمت واسعہ کے زیادہ مستحق وہی بنتے ہیں جن کی زندگی اطاعت الٰہی میں گزرتی ہے، لہٰذا ہمیں خدا کا اطاعت گزار بندہ بننے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مدارس دینیہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، تاکہ وہ معاشرے کی ضروریات کا درست ادراک کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح اور معاشرتی رہنمائی کا فریضہ انجام دے سکیں۔
نشست میں علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا ارشاد علی سولنگی اور مولانا منور علی سولنگی و دیگر موجود تھے۔