حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وارثان شہداء کمیٹی جیکب آباد کے زیر اہتمام سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے شہداء کی یاد میں مقتل شہداء جیکب آباد پر عظمت شہداء کانفرنس منعقد ہوئی اور شہداء کی یاد گار تصاویر لگا کر شمعیں روشن کی گئیں۔
کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد یوسف شیخ ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر مصور مہدی آئی ایس او کے ڈویژنل صدر فضل عباس بہشتی ایس ایس پی منصور احمد مغل مرکز تبلیغات اسلامی کے صوبائی رہنما علامہ سیف علی ڈومکی مدرسہ المصطفی خاتم النبیین جیکب آباد کے مدرس مولانا ارشاد علی سولنگی پیر سید احسان علی شاہ بخاری حافظ غلام عباس و دیگر نے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام پوری انسانیت کے رہبر ہیں لہذا ہر رنگ نسل اور مذہب کے انسان کو شاہ کربلا سے لازوال محبت ہے۔ پاکستان حسینیوں کی سر زمین ہے۔ عصر حاضر کے حسینیوں نے قربانیاں دے کر یہ ثابت کر دیا کہ بم دھماکے اور دھشتگردی پیروان کربلا کے آھنی عزم اور حوصلے کے سامنے شکست کھا گئے۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ہم وارثان شہداء کے ساتھ مل کر پیغام شہداء کو عام کر رہے ہیں۔ تشیع کی چودہ سو سالہ تاریخ دین خدا کی راہ میں ایثار اور شہادت سے عبارت ہے۔
ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد یوسف شیخ نے کہا کہ شہدائے جیکب آباد پوری قوم کے شہداء ہیں فرقہ واریت اور نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے امن و اخوت کے پیغام کو عام کریں گے۔ شہدائے جیکب آباد کے یادگار ٹاور کی تعمیر کے لئے صوبائی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔
ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی طرح سانحہ جیکب آباد میں معصوم بچوں کو دھشت گردی کا نشانہ بنایا گیا پولیس عوام کی خادم اور محافظ ہے۔