۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ اربعین شہدائے کربلا کے حوالے سے ابھی تک سندھ حکومت نے عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات واپس نہیں لئے۔ یہ مقدمات در حقیقت ہمارے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ اور ہمارے مذہبی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی رتودیرو کے قریب گوٹھ ڈتل جلبانی میں شہید عبدالمجید جلبانی کی چھٹی برسی کی مناسبت سے منعقدہ سالانہ مجلس عزا سے علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مجھ کے وارثان شہداء سے وفاقی اور صوبائی حکومت نے جو وعدے کئے ہیں ان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کے ہوتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی شرانگیز سرگرمیاں حکومت اور ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہیں ملک میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے تکفیری دہشتگردوں  لدھیانوی اورنگزیب فاروقی رمضان مینگل اور منظور مینگل جیسے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کو روکا جائے جو ملک میں اختلاف افتراق اور انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ملت جعفریہ سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اسے چاہیے کہ وہ سانحہ شکار پور اور سانحہ جیکب آباد کے حوالے سے کیے گئے تحریری معاہدے پر پر مکمل عمل درآمد کرے۔ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود پیپلز پارٹی کی سندھ گورنمنٹ کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربعین شہدائے کربلا کو چار مہینے کا طویل عرصہ گزر چکا ہے مگر ابھی تک سندھ حکومت نے عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات واپس نہیں لئے جس کی وجہ سے سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے رنجیدہ ہیں۔ یہ مقدمات در حقیقت ہمارے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ اور ہمارے مذہبی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہیں جس کی آئین پاکستان ہمیں ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ گورنمنٹ عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات واپس لے۔ مزید کہا کہ 30 جنوری کو شہداء شکار پور کی چھٹی برسی کے موقع پر عظمت شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے علماء اور اکابرین خصوصی طور پر شریک ہوں گے کانفرنس سے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خصوصی خطاب فرمائیں گے۔

اس موقع پر پر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کے سیکرٹری جنرل برادر عبدالرزاق جلبانی ایم ڈبلیو ایم کے سابق ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا محمد علی شر و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .