حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جیکب آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ جنگل کٹو مبارک پور سٹی جیکب آباد کا تبلیغی دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے علم دین کی اہمیت اور حالات حاضرہ پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد عورت پر فرض ہے مگر افسوس ہمارے معاشرے کے پسماندہ ذہن کے لوگ بچیوں کی تعلیم کو عیب سمجھتے ہیں جبکہ علم نور اور روشنی ہے۔ لہذا ہمیں خواتین کی تعلیم و دینی تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے حصول علم اور خصوصاً دین کا علم حاصل کرنے کی بہت زیادہ تاکید فرمائی ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو علم دین کی طرف رغبت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد بن سلمان کی جانب سے دینی اقدار پر پابندی قابل مذمت عمل ہے۔ سر زمین وحی پر فحشاء و منکرات کا ریاستی سطح پر فروغ اور ترویج افسوس ناک ہے۔ اس المناک صورتحال پر دنیائے اسلام خصوصاً علماء کی خاموشی حیرت انگیز ہے۔