حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی پشتیبان ہے، 3 فروری کو قومی کشمیر کانفرنس اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر میں پوری قوم کشمیریوں سے غیر متزلزل پشتیبانی کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
منصورہ لاہور میں لوئر دیر، سوات، سندھ کے وفود اور مزدوروں کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ علما و مشائخ اختلافات چھوڑ کر اپنی ساری کوششیں دین متین، قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے مرتکز کردیں ۔عوام کی اصلاح و رہنمائی کے لیے منبر و محراب سے اتحاد امت، برداشت، امن و سلامتی کی آواز بلند ہو وگرنہ غیر اسلامی نظام اور بدتہذیبی کی قدریں ایک ایک کر کے اسلامی نشانات مٹا دیں گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مزدور اور کسان کی ساری زندگی روٹی کے لیے ہی محدود نہیں، آدمی کے لیے سب سے بڑی چیز آدمیت، وقار اور باعزت زندگی ہے، ہم ملک سے جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ، مفاد پرستانہ ذہنیت کا خاتمہ کریں گے۔