۱۶ تیر ۱۴۰۳ |۲۹ ذیحجهٔ ۱۴۴۵ | Jul 6, 2024
علامہ مقصود ڈومکی کا کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر اظہار تشویش

حوزہ/ جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ جگہ جگہ کالعدم دہشتگرد ٹولے کے جھنڈے اور اشتہار لگے ہیں۔ جو نیشنل ایکشن پلان کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا تکفیری ٹولے کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی میٹنگز میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر کی موجودگی کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ آج ملت جعفریہ کے اکابرین نے انہی شرپسندوں کی موجودگی کے سبب ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علماء اکابرین اور تنظیمی رہنماؤں کے ہمراہ جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ جگہ جگہ کالعدم دہشت گرد ٹولے کے جھنڈے اور اشتہار لگے ہیں۔ جو نیشنل ایکشن پلان کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا تکفیری ٹولے کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے، لوگ دن دھاڑے اغواء ہو رہے ہیں۔ جیکب آباد کے مغوی بہرام خان کھوسو کو اغواء ہوئے کئی دن گذر چکے وہ ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے۔ استاد رہنماء انتظار چھلگری کو شکار پور سے جیکب آباد آتے ہوئے لوٹا گیا اور انہیں اغواء کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایسے میں ہم عزادار اپنے آپ کو اور عوام کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ ہمیں ڈاکو راج، اغواء انڈسٹری اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر شدید خدشات ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے علماء کرام، خطباء اور عزاداروں کو مکمل سیکیورٹی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی جانب سے جیکب آباد کے علماء و اکابرینِ اور ملی تنظیموں پر مشتمل عزاداری سیل تشکیل دیا گیا ہے۔ جو ضلع اور تینوں تحصیلوں اور سٹی جیکب آباد کی سطح پر کام کرے گا۔ عزاداری سیل کا ہیڈ آفس ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے۔ عزاداری سیل کے اراکین اور ان کے فون نمبرز کل تک اعلان کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں بزرگ شیعہ رہنماء سید احسان علی شاہ بخاری، سید غلام شبیر نقوی، وحدت یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر سید کامران علی شاہ، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، جعفریہ الائنس کے رہنماء زوار وزیر علی مشہدی، زوار شاہنواز جعفری، انجمن سپاہ علی اکبر کے راجہ ریاض علی شاہم سید گلزار علی شاہ تحصیل ٹھل گڑھی خیرو اور جیکب آباد کے بانیان عزاء شریک ہوئے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .