۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ شبیر میثمی

حوزہ / سربراہ مرکزی محرم الحرم کمیٹی شیعہ علماء کونسل نے کہا: فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس قسم کے دہشتگردی کے واقعات ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام  کی عزاداری کو برپا ہونے سے روک نہیں سکتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی نے بھکھی شریف ضلع شیخو پورہ میں جلوس عزا پر شرپسند عناصر کی جانب سے فائرنگ، جس کے نتیجہ میں ایک عزادار شہید اور 14 افراد زخمی ہوئے اور ان میں بھی دو افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں اور مجرموں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور جلوس عزا کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے جلوس کو مکمل کروایا جائے۔

علامہ شبیر حسین میثمی کا مزید کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جلوس پر شرپسندی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جلوس پر حملہ آور شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے مزید کہا: عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری تھی جس میں وہ ناکام نظر آئے۔ جس کی وجہ سے ایک عزادار کی شہادت ہوئی اور تقریباً 13/14 افراد شدید زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا: فلسفۂ شہادت امام حسین علیہ السلام ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس قسم کے دہشتگردی کے واقعات ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کو برپا کرنے سے نہیں روک سکتے، ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے آخر میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلوس عزا پر حملہ آور شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

افسوناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے اراکین نے بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید کے لواحقین سے اظہار افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے شرپسند عناصر کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .