جمعہ 11 جولائی 2025 - 23:32
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا جولانی سے مطالبہ: علوی برادری کے قتلِ عام کی تحقیقات کے نتائج شائع کیے جائیں

حوزہ/ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شام کی عبوری حکومت کے سربراہ ابو محمد الجولانی سے مطالبہ کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں پیش آنے والے بحران اور علوی برادری کے قتلِ عام کی تحقیقات کے مکمل نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ابو محمد الجولانی سے اپیل کی ہے کہ مارچ 2025 میں شام کے شمال مغربی ساحلی علاقوں میں ہونے والے واقعات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی مکمل رپورٹ جاری کی جائے۔ ان واقعات میں 1600 سے زائد افراد جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی تھی، جاں بحق ہو گئے تھے۔

یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب تحقیقات کی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرنے والی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر، کرسٹین بکرلی نے کہا کہ الجولانی کو اس بات کی یقین دہانی کرانی چاہیے کہ تحقیقات کی مکمل تفصیلات جاری ہوں اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں اور عام لوگوں کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ اصل میں کیا ہوا، کون ذمہ دار ہے اور انصاف کی فراہمی کے لیے کیا عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بکرلی نے زور دیا کہ صرف غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات ہی قابلِ اعتماد اور منصفانہ مقدمات کی ضمانت دے سکتی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اس عہدیدار نے الجولانی سے مطالبہ کیا کہ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے جامع اور مؤثر ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ الجولانی نے وعدہ کیا تھا کہ مجرموں کو انصاف کے مطابق سخت سزا دی جائے گی اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس وعدے پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ ثابت ہو کہ حکومت مذہبی یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر کسی بھی برادری کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دے گی۔

قابلِ ذکر ہے کہ 6 مارچ کو شام کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے تشدد کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ 3 اپریل 2025 کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شامی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ علویوں کے خلاف ہونے والے ان قتلِ عام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • حامد افشار نظام دوست US 16:52 - 2025/07/12
    م