۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
انفجار در پشاور

حوزہ/ ایک برس گزر جانے کے باوجود شہداءکے ورثاءکو اعتماد میں نہ لینا بے حسی، بے دردی اور بد انتظامی کے مترادف ہے، واقعے کی فوری شفاف تحقیقات کے لیے فی الفور جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے سانحہ شیعہ جامع کوچہ رسالدار کے مجرموں کی تاحال عدم گرفتاری اور ورثاءشہداءکو ایک برس گزر جانے کے باوجود انصاف نہ ملنے کو سابقہ اور وجودہ حکومتوں سمیت انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور واقعے کی اصل تحقیقات کے لیے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

شہدائے شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار پشاور میں 4 مارچ 2022 کو ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 72 شہداءکی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں قائد ملت جعفریہ کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ 4 مارچ 2022 پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے کہ جب نماز جمعہ میں خانہ خدا میں 72 نمازیوں کو خود کش حملے میں شہید کر دیا گیا مگر بے حس اور بیدرد حکمرانوں اور انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی ایک برس گزر گیا لیکن نہ تو واقعے کے اصل محرکات کو منظر عام پر لایا گیا اور نہ ہی مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اپنی عوام کے ساتھ اس معاندانہ روئیے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداءکے ورثاءایک برس سے انصاف کے متلاشی ہے۔ لہذا ان کو فوری انصاف مہیا کرنے اور اصل محرکات کو منظر عام پر لا کر قاتلوں کی گرفتاری کے لیے فی الفور واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے سمیت غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف بھی فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔

زاہد علی آخونزادہ نے مزید کہا کہ اگر سانحہ کوچہ رسالدار کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا ہوتا تو پشاور میں ایک سال کے اندر ہی پولیس لائن مسجد میں خودکش حملے جیسا افسوسناک واقعہ رونما نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار اور سانحہ پولیس لائن مسجد قومی سانحات ہیں، ان جیسے دہشت گردی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا سکتا ہے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچا کر وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردوں کے چنگل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔

انہوں شہدائے پشاور کے ورثاءکو یقین دلایا کہ قوم اپنے شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی،شہداءکا پاک خون رنگ لائے گا اور واقعے کے مجرم اور سہولت کار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں اللہ رب العزت سے شہداءکے ورثا کو اس دلدوز سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمانے کی بھی دعا کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .