حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے پشاور پولیس لائن میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس جو عوام کی محافظ ہے ان کو نشانہ بنانے سے دہشت گرد قوم کو عدم تحفظ کا احساس دلانا چاہتے ہیں لیکن قوم اپنے ساتھ ساتھ اپنے محافظین کے تحفظ کے لیے بھی متحد ہے اور دہشت گردوں کے ان مذموم عزائم سے نہ خائف ہو گی اور نہ ہی ان کو کامیاب ہونے دے گی۔
انہوں نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں اور دیگر شہداءکے ورثاء سے اظہار تعزیت بھی کیا اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
قائد ملت جعفریہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم سانحہ شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار کے واقع پر مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جوڈیشل کمیشن کا تسلسل سے مطالبہ کرتے رہے تاکہ یہ امر طشت از بام ہو سکے کہ کوئی دشت گرد کیسے درجنون ناکوں سے گزر کر اندرون شہر تک پہنچا اور کیسے اس نے نماز کی ٹائمنگ کے ساتھ مسجد میں گھس کر دھماکہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سہولت کاروں کے بغیر ایسی دہشت گردانہ کاروائیاں ممکن نہیں اور سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کئے بغیر ایسے واقعات کا تدارک بھی نہیں ہو سکتا۔
زاہد علی اخونزادہ نے کہا کہ اگر شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار کے دھماکے پر جوڈیشل کمیشن قائم کر کے ان سوالوں پر ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہوتا تو آج ایسا واقعہ رنماءکرنے کی دہشت گردوں کو دوبارہ ہمت نہ ہوتی کیونکہ پشاور پولیس لائن دھماکہ بھی انہی سوالوں کو جنم دیتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لسبیلہ، پروا، ڈی آئی خان سمیت کے پی میں ہونے والے دیگر واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور پولیس سمیت دیگر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ہے اور ان کی مغفرت کی دعا فرمائی۔