حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ممبر علماء و مشائخ کونسل کشمیر زیر انتظام پاکستان و رکن مرکزی نظارت مجلس علماء شیعہ پاکستان نے پشاور پولیس لائن مسجد میں دوران نماز دھماکہ پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
علامہ تصور جوادی نے کہا کہ حساس اور ہائی سیکیورٹی زون میں دہشتگردی کا یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے دہشتگرد عناصر کے خلاف کاروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزادانہ کمیشن کے ذریعے تحقیقات کی جائیں کہ پولیس لائن جیسے حساس علاقہ میں نمازیوں اور پولیس پر یہ حملہ، ماضی میں کی جانے والی قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور عوام کے اندر خوف و حراس پھیلانے کا باعث کیوں بنا؟ وفاقی حکومت اور خیبر پختونخواہ کی نگران حکومت حملہ آوروں کے نیٹ ورک کو بےنقاب کرنے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے میں فوری کردار ادا کریں۔
علامہ جوادی نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا حکومت دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کے معالجے کہ لیے فوری طور پر ہر ممکن اقدام کرے۔