۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزه/ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے عوام پر ایک مرتبہ پھر سے پیٹرول بم گرا کر بے حسی کی انتہا کردی ہے جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بے حس حکمرانوں نے عوام پر ایک مرتبہ پھر سے پیٹرول بم گرا کر بے حسی کی انتہا کردی ہے جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی سخت مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہے، آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے طوفان کا باعث بنے گا، ایک زرعی ملک میں غریب عوام 170 روپے کلو آٹا خریدنے پر مجبور ہے، خواتین اور مرد آٹے کے حصول کے لیے لائنوں میں خوار ہو رہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، بے حسی کی انتہا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ نااہل حکمرانوں سے ملک کا نظم ونسق کنٹرول نہیں ہو رہا لیکن اس کے باوجود وہ اقتدار کی ہڈی کو منہ سے نکالنے پر تیار نظر نہیں آتے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور نظر آتے ہیں لیکن امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس سوائے پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے سوا اور کوئی حل نہیں ہے، ڈالر ملکی تاریخ کی سب سے اونچی اڑان بھر رہا ہے جس کا نتیجہ مہنگائی کی شکل میں عوام کو بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نو ماہ کے دوران چھ مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا چکی ہے لیکن حالات ہیں کہ سنبھل ہی نہیں رہے جس سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ان ناعاقبت اندیش حکمرانوں میں سے کوئی بھی ملک کی خستہ حالی کا ذمہ قبول نہیں کر رہا بلکہ جونک کی طرح ملک کا خون چوس رہے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .