حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی پولیس نے آج (جمعرات) کو اعلان کیا کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارود سے بھری کار میں ہونے والے دھماکے کے دوران کم از کم دو افراد جاں بحق اور 22 دیگر زخمی ہو گئے۔
دھماکا صوبہ خیبرپختونخوا میں واقع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں اس وقت ہوا جب پاکستانی فوج کی گاڑی ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں جا رہی تھی۔
ایک سینئر پاکستانی پولیس افسر نے کہا: اس خودکش دھماکے کے دوران کم از کم دو افراد جاں بحق اور 22 دیگر زخمی ہوئے، ممکن ہے کہ جاں بحق ہونے والے دو افراد پاکستانی آرمی کے ارکان رہے ہوں لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا اور اس علاقے کی مرکزی سڑک کو ہر قسم کی رفت و آمد کے لیے بند کر دیا گیا ہے، خودکش کارروائی کے لیے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں اکثر و بیشتر سیکیورٹی فورسز کے خلاف اس طرح کے حملے ہوتے رہتے ہیں،گزشتہ ہفتے، ایک مسلح گروپ نے افغان سرحد کے قریب واقع علاقے میں ایک چوکی پر حملہ کیا تھا جس میں دھماکہ خیز مواد اور خودکش بموں سے بھری ایک کار کا استعمال کیا گیا تھا، اور سات پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہلکار جاں بحق ہوئے تھے، گزشتہ سال دسمبر میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک چوکی پر پاکستانی طالبان سے وابستہ ایک گروپ کے خودکش حملے کے دوران کل 23 فوجی مارے گئے تھے۔