حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے خود کش دھماکے کی تصدیق کی ہے جو فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں دو گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا ٹارگٹ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے، زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
ابھی تک کسی دہشت گردگروہ نے پشاور میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی تحریک طالبان نے پشاور اور صوبہ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں کئی بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔