حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے شہر بدخشان میں مقامی ذرائع نے طالبان کے گورنر نثار احمد احمدی کے انتقال پر منعقد فاتحہ خوانی کے پروگرام میں دھماکے کی اطلاع دی ہے جو کہ دو روز قبل ایک دھماکے میں مارے گئے تھے، یہ دھماکہ آج صبح (جمعرات 8 جون) شہر فیض آباد کی مسجد نبوی میں ہوا۔
بدخشان میں طالبان کے انفارمیشن اینڈ کلچر کے سربراہ معز الدین احمدی نے دھماکے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
الجزیرہ چینل نے طالبان کی وزارت صحت کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں۔
بعض ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس دھماکے میں طالبان کے سینئر کمانڈروں میں سے ایک صفی اللہ صمیم مارا گیا، وہ اس سے پہلے بغلان کا پولیس کمانڈر تھا۔
بدخشان کے مرکز میں دو روز قبل ہونے والے ایک دھماکے میں طالبان کا گورنر کے ساتھ ایک اور شخص بھی ہلاک ہوا اور چھ دیگر زخمی ہو گئے تھے، یہ دھماکہ ایک خودکش حملہ تھا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔