۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ڈاکٹر صابر ابو مریم

حوزه/ امام خمینی ؒ ایک عظیم مسیحا ہیں، جنہوں نے دنیا بھر کے محکوم اور مظلوم طبقات کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی طاقت بخشی ہے۔ امام خمینی ؒ کا راستہ زندہ و جاوید ہے اور ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔

تحریر: ڈاکٹر صابر ابو مریم

سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان

حوزه نیوز ایجنسی| حضرت امام خمینی (رہ) کی شخصیت کے بارے میں جس قدر مطالعہ کیا جائے کم ہے۔ امام خمینی موجودہ صدی کی ایک ایسی عظیم ہستی ہیں کہ جنہوں نے عالمی سیاسی منظر نامہ کو ظالم قوتوں کے ہاتھوں سے نکال کر مظلوموں اور کمزور بنا دیئے گئے لوگوں تک منتقل کیا ہے۔ امام خمینی کی جدوجہد جہاں ایک طرف ایران میں اسلامی انقلاب کو کامیاب کرنے کے لئے تھی، وہاں ساتھ ساتھ امام خمینی ؒ کی جدوجہد دنیا بھر کے ان مظلوموں اور کمزور بنا دیئے جانے والی اقوام اور ملتوں کے لئے بھی تھی کہ جو ظالم سامراجی نظاموں کا مقابلہ کرنے سے قاصر تھے۔ امام خمینی ؒ کی جدوجہد نے دنیا بھر کے انسانوں میں ایک نئی انقلابی روح کو بیدار کیا۔ یہ انقلابی روح فلسطین میں ڈاکٹر فتحی شقاقی ؒ جیسے عظیم اسلامی فرزندوں کی صورت میں نظر آئی تو اسی طرح امریکہ میں مالکم ایکس جیسے حریت پسند بھی ابھر کر سامنے آئے۔

اس انقلابی روح نے وقت گزرتے ساتھ ساتھ ہر اس حریت پسند کو اپنے دامن میں سمیٹ لیا، جو ظالم اور سامراجی قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی قوت رکھتا تھا۔ اس موقع پر اگر میں فلسطین میں فلسطینی عوام کے گھروں کی مسماری کو روکتے ہوئے غاصب صیہونیوں کے بلڈوزروں تلے آکر شہید ہونے والے نوجوان امریکی لڑکی راشیل کوری کو بھی اسی انقلابی فکر کا پرتو کہہ دوں تو یقینی طور پر یہ بات بے جا نہ ہوگی۔ امام خمینی ؒ نے ایران کی سرزمین مقدس سے دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے آواز بلند کی۔ یہ آواز آفاقی آواز تھی، جو دنیا کے تمام تر ظاہری پردوں کو چیر کر ہر مظلوم کے کام تک جا پہنچی۔ اس آواز نے سب سے پہلے دنیا میں مظلوم ملت فلسطین کو ایسے وقت میں بیدار کیا، جب فلسطین اور القدس شریف سمیت لبنان پر اسرائیلی تسلط کے بعد عرب دنیا کی امیدیں دم توڑ رہی تھی۔ امام خمینی ؒ کی آواز نے ٹوٹی ہوئی امیدوں کو از سر نو جوڑ دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے لبنان اور فلسطین کی سرزمین مقدس پر امام خمینی ؒ کے فرزندوں نے ظالم اور جابر حکومتوں کے نظاموں سے نجات حاصل کرنا شروع کر لی۔

امام خمینی ؒ کی قیادت میں انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی بعد عرب دنیا میں اسلامی فتوحات کا ایک نیا باب رقم ہوا۔ سرزمین فلسطین ہو یا شام، لبنان ہو یا کوئی اور خطہ ہو، امریکی اور صیہونیوں کے لئے زمین تنگ سے تنگ تر ہوتی گئی اور موجودہ حالات میں یہ امام خمینیؒ ہی کی انقلابی اور مظلوم پرور فکر کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا کی ناقابل تسخیر سمجھی جانے والی نام نہاد اسرائیلی غاصب ریاست شکست پذیر ہوچکی ہے۔ آج اسرائیل چاروں طرف سے ایسے سخت حصار میں پھنس چکا ہے کہ جس میں اسلامی مزاحمت کی کامیابی ناگزیر ہے۔ موجودہ دنیا کے حالات دیکھتے ہوئے امام خمینی ؒ کی فکر اور انقلابی جدوجہد کا مطالعہ کیا جائے تو یہ بات درست ہے کہ اسی انقلابی فکر اور جدوجہد نے آج دنیا بھر میں مظلوموں کو ظالم قوتوں اور نظاموں سے ٹکر لینے کا حوصلہ عطا کیا ہے۔ آج دنیا بھر میں فلسطین، یمن، لبنان، شام، عراق، پاکستان، افغانستان سمیت لاطینی امریکا کے ممالک میں بھی امام خمینی کی انقلابی فکر واضح طور پر نظر آرہی ہے کہ جہاں مظلومین نے ظالمین کے خلاف علم بغاوت بلند کر رکھا ہے۔

امام خمینی ؒ نے دنیا کو بتایا تھا کہ امریکہ سب سے بڑا شیطان ہے۔ آج عالم اسلام میں اس بات کا شعور حد درجہ اجاگر ہوچکا ہے۔ آج لاطینی امریکا کے ممالک میں امریکی شیطان کے خلاف سخت نفرت کا عنصر پایا جاتا ہے۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ آج دنیا میں جہاں کہیں بھی مظلوم ہیں، وہ قوی اور طاقتور ہو رہے ہیں اور اس کا سبب صرف اور صرف امام خمینی ؒ کی ذات مبارک ہے کہ جس نے دنیا کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقوں کو ظالم اور جابر نطاموں کے سامنے کھڑا ہونے کا ہنر سکھا دیا ہے۔ آج اگر فلسطین کے مظلوم عوام مزاحمت کے راستے پر گامزن ہیں تو یہ امام خمینی ؒ کی بدولت ہے۔ اسی طرح اگر یمن کے مظلوم عوام اگر دنیا کی بڑی شیطانی قوتوں کے ساتھ نبرد آزما ہیں اور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو یہ سب کچھ امام خمینی ؒ کی بابرکت شخصیت کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

اسی طرح آج عراق میں ملک دشمن قوتوں کے خلاف جو مزاحمت نظر آرہی ہے، وہ بھی امام خمینی ؒ کی ذات اقدس کی مرہون منت ہے۔ لبنان اور شام کی پائیدار استقامت کا راز بھی امام خمینی ؒ ہیں۔ امام خمینی ؒ کو دنیا سے پردہ کئے چونتیس برس ہوچکے ہیں۔ لیکن حقیقت میں امام خمینیؒ کی فکر اور سوچ قیامت تک دنیا کے آنے والے انسانوں کے لئے مسیحا بنی رہے گی۔ امام خمینی ؒ مظلوم اقوام کے مسیحا ہیں۔ ان کی فکر اور ان کا نام ہمیشہ مظلوموں کو قوت اور جلا بخشتا رہے گا۔ دنیا کی ظالم اور جابر حکومتیں قیامت تک امام خمینی ؒ کے نام سے خوف کھاتی رہیں گی اور مظلوم اس نام سے تقویت حاصل کرتے رہیں گے۔ امام خمینی ؒ ایک عظیم مسیحا ہیں، جنہوں نے دنیا بھر کے محکوم اور مظلوم طبقات کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی طاقت بخشی ہے۔ امام خمینی ؒ کا راستہ زندہ و جاوید ہے اور ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .