حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے امام خمینی (رح) کی برسی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا: آج دنیا میں بسنے والی عوام امام خمینی (رح) جیسی مدبرانہ قیادت کی تلاش میں ہے ۔ ظلم و زیادتی اور انسانی حقوق کی پامالی تب ہی رک سکتی ہے جب امام خمینی (رح) کے بتائے ہوئے راستے کو حکمران اپنی حکومت کی مرتب کردہ پالسیوں کا حصہ بنائیں۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: رہبر معظم انقلاب سید علی خامنہ ای تحریک اور کاروانِ امام خمینی (رح) کو امت مسلمہ کی امنگوں کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا: آج انقلاب اسلامی حقیقی عادلانہ نظام کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ آج ایرانی عوام کے سر فخر سے بلند نظر آتے ہیں جنہوں نے فکر خمینی (رح) سے استعمار اور طاغوت کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما نے کہا: حضرت امام خمینی (رح) نے شیعہ اور سنی کے درمیان تفرقہ ڈالنے والوں کو استعمار اور طاغوت کا ایجنٹ قرار دیا ہے۔ اتحاد و وحدت، اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینا دور عصر کی اشد ضرورت ہے۔