۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
شام پر امریکی حملہ کے خلاف پاکستان میں احتجاج

حوزه نیوز/ پاکستان کےعوام اور مختلف سیاسی اور مذهبی تنظیمون نے شام پرامریکی حملہ کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوے امریکہ،برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام پر حملے کی مذمت کی۔

حوزه نیوز ایجنسی؛ پاکستان کےعوام اور مختلف سیاسی اور مذهبی تنظیمون نے شام پرامریکی حملہ کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوے امریکہ،برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام پر حملے کی مذمت کی۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے کراچی پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن، مولانا صادق رضا تقوی اور مولانا رضی حیدر زیدی نے کہا کہ امریکہ، فرانس اور برطانیہ صرف اسرائیل کو بچانے کی خاطر اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے معصوم انسانوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں، لیکن وہ دن دور نہیں کہ جب یہی خون امریکہ اور اسکے ساتھیوں کو لے ڈوبے گا۔

 مقررین نے امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے شام پر ناجائز، غیر قانونی اورغیر انسانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ تمام مسلم ممالک کو جارح ممالک سے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے تعلقات منقطع کرنے چاہیئں، شام پر حملہ کے بعد 39 ملکی مسلم فوجی اتحاد پر فرض بنتا ہے کہ ان ممالک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، شام پر حملہ خطے میں نئی جنگ کا سبب بنے گا۔

تحریک اتحاد امہ کے زیراہتمام راولپنڈی پریس کلب کے باہر شام پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف مکاتب فکر کے مسلمان رہنماؤں کے علاوہ مسیحی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے استعماری طاقتوں کی طرف سے کمزور قوموں پر مظالم کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ آواز اٹھانے پر زور دیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ نے پہلے بھی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا بہانہ گھڑ کر عراق پر حملہ کیا تھا اور آج کیمیکل ہتھیاروں کا بہانہ بنا کر شام پر چڑھائی کر دی ہے۔ امریکہ ایک کے دوسرے اسلامی ملک کو تباہ کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔ بےرحم سرمایہ دار قوتیں اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے انسانیت کا خون بہا رہی ہیں۔

دوسری جانب جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ شام پر حملہ کرکے امریکہ پوری دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہا ہے، دنیا جانتی ہے امریکہ ایٹمی اور کیمیائی ہتھیاروں سے بھرا پڑا ہے، پہلے وہ اپنے گھر کو صاف کر لے پھر دنیا کی طرف دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ شام پر حملہ کرکے امریکہ عالمی دہشتگردی کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے لیکن افسوس کہ اسلامی دنیا کے ممالک خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام کے مسئلہ پر مسلم حکمرانوں کو خاموشی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیئے بلکہ اقوام متحدہ سمیت او آئی سی اور دیگر فورمز پر آواز اٹھائی جائے اور امریکی جارحیت کا راستہ روکنے کیلئے قانون سازی کی جائے، عالمی برادری کو اب دوہرے معیار کو ترک کرنا ہوگا بصورت دیگر عالمی امن داؤ پر لگ سکتا ہے۔

ادھرپاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مسلم ممالک پر بربریت اور مسلمانوں کی نسل کشی کے پیچھے امریکا اور اس کے حواریوں کا ہاتھ ہے، ثروت اعجاز قادری  نے کہا کہ شام، فلسطین ،کشمیراور برما میں مسلمانوں پرانسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، شام میں عوام پہلے ہی پریشان حال تھے کہ اب امریکا نے بھی شام میں دھاوا بول دیا، ہر لحاظ سے شام کو کمزور کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ شام میں جارحیت پر خاموش اور بے بس ہے، او آئی سی اور مسلم ممالک نے ہوش کے ناخن نہیں لئے، تو آج شام بربریت کا نشانہ ہے، تو کل کسی اور کا بھی نمبر آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہود و نصاریٰ پوری طاقت اور سازش کے ساتھ مسلمانوں کو تقسیم کرکے پوری دنیا پر بادشاہت کرنا چاہتے ہیں، مسلمانوں کے اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .