بدھ 12 مارچ 2025 - 03:35
شامی باغیوں کی بربریت جاری، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کر گئی

حوزہ/ شام کے مغربی علاقوں میں الجولانی سے وابستہ باغیوں کی جانب سے عام شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 1225 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کے مغربی علاقوں میں الجولانی سے وابستہ باغیوں کی جانب سے عام شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 1225 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

شامی انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے مطابق، صرف 11 مارچ کو ہی 132 علوی شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جن میں طرطوس میں 72 اور لاذقیہ میں 60 افراد شامل ہیں۔

یہ قتل عام ایسے وقت میں ہوا جب الجولانی نے حالیہ حملوں کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا اور ایک نام نہاد تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک دکھاوا ہے، جبکہ زمینی حقائق کچھ اور ہی منظر پیش کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، باغیوں نے شواہد مٹانے کے لیے کئی لاشوں کو چھپایا یا انہیں اسلحہ کے ساتھ پیش کیا تاکہ مرنے والوں کو جنگجو ظاہر کیا جا سکے۔

شامی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق، الجولانی کے جنگجو اب تک 47 اجتماعی قتل عام کر چکے ہیں، جن میں لاذقیہ میں 658، طرطوس میں 384، حماہ میں 171 اور حمص میں 12 شہری قتل کیے گئے۔

عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ

مبصر گروپ نے ان ہولناک واقعات کو "جنگی جرائم" قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تحقیقاتی ٹیمیں بھیج کر ان جرائم کو دستاویزی شکل دیں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

یہ بربریت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بین الاقوامی سطح پر ان مظالم کو روکنے کے لیے کوئی عملی اقدام نظر نہیں آ رہا، جس سے خدشہ ہے کہ یہ قتل عام مستقبل میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha