حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ٹی وی چینل سی این این نے اسرائیلی غاصب ریاست اور جولانی حکام کے درمیان باکو آذر بائیجان میں براہِ راست مذاکرات کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، امریکی ٹی وی چینل سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور شام کے خودساختہ حکمران جولانی کے نمائندوں کے درمیان حال ہی میں آذر بائیجان میں براہِ راست مذاکرات ہوئے۔
سی این این کے مطابق، ایک صہیونی ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں اسرائیلی فوج کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اودید باسیوک، شام کے خودساختہ حکمران کے نمائندوں اور ترک حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے شامی حکمران اور دہشت گرد گروہ تحریر الشام کے سابق رہنما الجولانی نے بھی گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ملک پر حملے روکنے کے لیے اسرائیلی حکومت کے ساتھ بالواسطہ بات چیت جاری ہے۔
یاد رہے ابھی تک شام کے کسی سرکاری ذرائع نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے انعقاد پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
سی این این کے ذرائع نے مذاکرات کے ایجنڈے یا ثالثی فریق کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، شام کے خود ساختہ حکمران جولانی اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں غاصب صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی صورت میں شام پر سے پابندیاں اٹھانے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
الجولانی کی ٹرمپ کے ساتھ سعودی عرب میں ملاقات نے ذرائع ابلاغ کی توجہ مبذول کروائی، کیونکہ حالیہ برسوں میں امریکہ نے دہشت گرد گروہ تحریر الشام کے سرغنہ الجولانی (احمد الشعرع) کے لیے 10 ملین ڈالر کا انعام مقرر کیا تھا اور اب ٹرمپ نے نہایت منافقت سے کام لیتے ہوئے اس شخص کا پرتپاک استقبال کیا اور اس کی تعریف کی۔!









آپ کا تبصرہ