ہفتہ 26 اپریل 2025 - 18:50
ایران کے جوہری مذاکرات کا سیکیورٹی اور سیاسی لحاظ سے عراق پر بھی اثر ہوگا: امام جمعہ بغداد

حوزہ/ امام جمعہ بغداد اور نجف اشرف کے برجستہ استاد، آیت اللہ سید یاسین موسوی نے اپنے خطبۂ جمعہ میں ایران کے جوہری مذاکرات اور عراق کے داخلی سیاسی بحران پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ بغداد اور نجف اشرف کے برجستہ استاد، آیت اللہ سید یاسین موسوی نے اپنے خطبۂ جمعہ میں ایران کے جوہری مذاکرات اور عراق کے داخلی سیاسی بحران پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری مسئلہ ایک داخلی معاملہ ہے اور اس میں غیر ملکی مداخلت جائز نہیں، لیکن عراق بحکم جغرافیائی اور سیاسی نزدیکی کے اس سے متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایران میں استحکام یا کشیدگی براہ راست عراق پر اثرانداز ہوتی ہے۔

آیت اللہ موسوی نے مزید کہا کہ امریکہ نے عراق کی صورتحال کو ایران کے ساتھ مذاکرات کی پیش رفت سے مشروط کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق، عمان میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کے آغاز کے بعد عراق پر امریکی دباؤ میں کمی آئی ہے، جسے انہوں نے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی بھی ممکنہ جنگ کے نتائج عراق کے لیے تباہ کن ہوں گے، کیونکہ ایران خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ عراق دفاعی لحاظ سے کمزور ہے۔

امام جمعہ بغداد نے عراق کے داخلی سیاسی حالات پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کو انتشار اور بے یقینی کا شکار قرار دیا، اور پارلیمنٹ میں گہرے اختلافات اور حکومت کی دیگر اداروں میں مداخلت کو بحران کی بنیادی وجوہات میں شمار کیا۔

انہوں نے انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت اور عوامی رائے کی تحریف کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بعض سیاسی جماعتوں پر ذاتی مفادات کے لیے اقتدار کو ہتھیانے کا الزام لگایا۔

آیت اللہ موسوی نے دہشت گرد شخصیات جیسے جولانی کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی انتخابی کوششوں کو اخلاقی اور سیاسی فاجعہ قرار دیا اور کہا کہ عراق اب بھی دہشت گردی کے تباہ کن اثرات سے دوچار ہے۔

آخر میں، انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں بیداری کا مظاہرہ کریں، دیانت دار اور ملی جذبے والے افراد کا انتخاب کریں اور ملک کو بدعنوانی اور اقتدار پرستی کے چنگل سے نجات دلائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha