حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا ہے کہ جوہری توانائی ایک پیشرفتہ ٹیکنالوجی اور علمی خودکفالت کی علامت ہے اور ایران اس میدان میں اپنے مسلمہ حق سے ہرگز چشم پوشی نہیں کرے گا۔
انہوں نے فلسطین پر صہیونی قبضے کی سالگرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد برطانیہ کی مدد سے ہزاروں صہیونی دہشتگرد فلسطین میں داخل ہوئے اور جعلی ریاست اسرائیل قائم کی۔ اس کے بعد سے صہیونی حکومت نے فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔ ایسے میں امریکی صدر کا ایران کو خطے کا غیر مستحکم عنصر قرار دینا نہایت بے شرمی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر نے کرمانشاہ میں اپنے خطاب میں ان الزامات کا دندان شکن جواب دیا۔
آیت اللہ سعیدی نے "یوم شہدائے خدمت" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی اور شہید آل ہاشم جیسے افراد عوامی خدمت، تواضع، خلوص اور ولایت مداری کے عملی نمونے تھے۔
انہوں نے ایام زیارت امام رضا علیہ السلام کی مناسبت سے کہا: زیارت صرف جذباتی عمل نہیں بلکہ اہل تشیع کے نزدیک ایک شرعی فریضہ اور امام سے تجدیدِ عہد ہے۔ امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: "ہر امام کا اپنے شیعوں پر ایک عہد ہے، اور اس عہد کی بہترین ادائیگی ان کی قبروں کی زیارت ہے۔"
خطیب نماز جمعہ قم نے جوہری ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوسل ایندھن کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں، ایسے میں ایٹمی توانائی ایک محفوظ اور پائیدار متبادل ہے۔ ایران کی جوہری پیشرفت کئی سالوں کی محنت اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ ٹیکنالوجی طبی، زرعی، جینیاتی اور آفات کے کنٹرول جیسے میدانوں میں بھی نمایاں خدمات دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری علم ایران کو عالمی مذاکرات میں مضبوط بناتا ہے، اور ایرانی قوم کبھی اپنے مفادات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔









آپ کا تبصرہ