حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ہم امریکہ سے کہتے ہیں کہ ہم مسلمان ہیں، اور ہرگز غلامی یا شکست کو قبول نہیں کرتے، کیونکہ ہمارا نعرہ ہے: "ہَیْهَاتَ مِنَّا الذِّلَّة"۔
انہوں نے عراق میں حالیہ فرقہ وارانہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے الفاظ، جو دوسروں کو نفرت اور حاشیہ نشینی کی طرف ڈھکیلیں، ناقابل قبول اور قابلِ مواخذہ ہیں۔ عراق آج سیاسی ہم آہنگی کے دور میں ہے، ایسے میں فرقہ وارانہ لفاظی ملک کو دوبارہ تنازعات میں جھونک سکتی ہے۔
بندرعباس کے حادثے پر ایران کی حکومت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے حادثے کو غفلت کا نتیجہ قرار دیا اور عراقی وزیراعظم کی ایران سے یکجہتی کے لیے فون کال پر شکریہ ادا کیا۔
ایران و کویت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شدت پسندانہ بیانات کی مذمت کی اور مسئلے کو قانونی طریقے سے حل کرنے پر زور دیا۔
امام جمعہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان تعطل شدہ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پابندیاں بڑھانے کا عندیہ دیا ہے، مگر ہم خدا کے وعدے پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں کامیابی نصیب ہوگی۔
شہید آیت اللہ سید محمد صادق صدر کی برسی پر انہوں نے ان کے کلمات "دین اور مذہب کی ذمہ داری تم پر ہے" یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اسی احساسِ ذمہ داری نے آج تک اسلام اور تشیع کو زندہ رکھا ہے۔
عالمی یومِ مزدور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کام کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بےکار مؤمن کو ناپسند فرمایا۔ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے، اور نوجوانوں کو چاہیے کہ صرف ملازمت پر اکتفا نہ کریں بلکہ خود روزگاری کی راہ اپنائیں۔









آپ کا تبصرہ