حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ قم اور متولی حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا آیت اللہ سید محمد سعیدی نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ جو لوگ امریکہ کے ساتھ تعلقات کے شوقین ہیں وہ جان لیں کہ ایٹمی پروگرام اور انسانی حقوق محض بہانے ہیں۔ قرآن کے مطابق جب تک ہم ان کے دین و طریقے کے آگے سر تسلیم خم نہ کریں وہ ہمیں کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج اسلام کے اصل دشمن صہیونی اور ان کے پٹھو ہیں جو ’’اسلامِ ناب محمدی‘‘ کے مخالف ہیں۔ اس لیے امریکہ نواز گروہوں کو چاہیے کہ ہوشیار رہیں اور اسلامی اصولوں سے انحراف نہ کریں۔
آیت اللہ سعیدی نے مزید کہا کہ قرآن و عترت کو جدا کرنے کی سب سے بڑی سازش بنی امیہ نے کی تھی جس کے اثرات آج بھی داعش جیسے گروہوں کی شکل میں باقی ہیں۔ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر بنی امیہ کا ایک لاغر بوڑھا بھی باقی رہ جائے تو دین خدا کو بگاڑنے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ امت اسلامی کو چاہیے کہ قرآن اور اہل بیتؑ کی تعلیمات کے گرد جمع ہو، کیونکہ امام، کعبہ کی طرح محور ہیں اور لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ان کے گرد یکجا ہوں۔
خطبہ جمعہ میں آیت اللہ سعیدی نے نماز کو تقویٰ کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر تقویٰ نہ ہو تو نماز اور دیگر عبادات اپنی حقیقت کھو دیتی ہیں۔ انہوں نے قرآن کی آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ امتحانِ الٰہی سنت خداوندی ہے اور مومن کو اپنی کمزوریوں کو پہچان کر انہیں دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
امام جمعہ قم نے روزِ مسجد کی مناسبت سے بھی کہا کہ مسجد صرف عبادت کے لیے نہیں بلکہ امت اسلامی کے اتحاد اور خدمتِ خلق کا مرکز ہے۔









آپ کا تبصرہ