حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یزد میں نمائندہ ولی فقیہ اور امام جمعہ آیت اللہ محمد رضا ناصری نے صوبے کے حج و زیارت کے فعال کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: حج کا سفر سب سے اہم روحانی سفر ہے اور اس کا دیگر سفروں سے فرق ہے لہٰذا جو افراد اس سفر پر مشرف ہوتے ہیں ان کی نیت، ارادہ اور عمل بھی مختلف ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا: حج تمتع کے سفر میں اللہ سے تعلق اس انداز کا ہونا چاہیے کہ زائرین کی روح میں تبدیلی پیدا ہو اور یہ روحانی کیفیت ان کی پوری زندگی میں ان کے لیے رہنما چراغ بن جائے۔
یزد میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: حج فیض اور برکت کا منبع ہے اور زائرین کو چاہیے کہ اس سفر میں معرفت اور خودسازی کے ذریعہ اپنے آخرت کے سفر کے لیے زاد و توشہ جمع کریں۔
انہوں نے حج کے کارکنوں کی ذمہ داری کو اہم اور سنگین قرار دیا اور کہا: حج کے کارکنوں پر لازم ہے کہ مناسک حج کی درست ادائیگی، معارف دینی میں اضافہ اور عبادات میں سکون کے لیے مناسب فضا فراہم کریں۔
آیت اللہ ناصری نے کہا: کاروانوں کے علمائے کرام اور ثقافتی ذمہ داروں کو چاہیے کہ زائرین کی آگاہی اور ان کی دینی معرفت میں اضافے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کریں اور اس میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔
انہوں نے حج تمتع کے طویل دورانیے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: چونکہ حج تمتع کا سفر طویل ہوتا ہے اور زائرین کے پاس کافی وقت ہوتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس وقت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔
امام جمعہ یزد نے کہا: حج کے سفر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زائرین کے لیے معرفتی، اخلاقی اور تاریخی کلاسز منعقد کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ مختلف دینی موضوعات بالخصوص صدر اسلام کی تاریخ سے آگاہی حاصل کریں۔









آپ کا تبصرہ