حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کے خواہش مند یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ایرانی عوام اور اسلامی جمہوریہ دوبارہ امریکہ کی غلامی کو کبھی قبول نہیں کریں گا، امریکہ ایران کو دوبارہ زیر تسلط لانے کا خواب کبھی پورا نہیں کر سکے گا۔
آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ بلیک میلنگ پر مبنی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے اور ایران کو اس کی ثقافتی، عسکری، سیاسی اور اعتقادی حدود سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔ لیکن ایرانی عوام نے اپنی آزادی کے لیے انقلاب اور قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مکتب کی پیروکار ہے اور خواتین عفت، حجاب اور استقامت کے ذریعے اس راستے کو جاری رکھیں گی۔
خطبے میں کہا گیا کہ یونیورسٹیز کو علم کی پیداوار کا مرکز رہنا چاہیے، نہ کہ سیاسی جماعتوں کے اڈے۔ دشمن تعلیمی اداروں کو سیاسی تنازعات میں الجھا کر ان کی اصل ذمہ داری سے دور لے جانا چاہتا ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے ایام فاطمیہ کو استقامت کی فکر کے فروغ کے لیے اہم موقع قرار دیا اور کہا کہ استقامت کے اصولوں پر عمل اسلامی نظام کے لیے مضبوطی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے قرآن مجید کی روشنی میں مسجد ضرار کی مثال دی کہ منافقین نے دین کے نام پر منافقت کی، مسلمانوں کو دشمنوں کے دھوکے سے بچنے کے لیے بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
امام جمعہ قم نے امریکی استکبار اور منافقت کے خلاف جدوجہد پر زور دیتے ہوئے ایرانی عوام کی استقامت، اسلامی تعلیمات کی پیروی، اور دشمن کی سازشوں کے خلاف ہوشیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔