جمعہ 27 جون 2025 - 13:57
عوام کا مطالبہ ہے کہ ایران جوہری ایجنسی سے تعاون ختم کرے: آیت اللہ سعیدی

حوزہ/ قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے اپنے خطبہ جمعہ میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران اور اقوامِ متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کی معطلی پر عمل کرے، کیونکہ یہ فیصلہ عوامی خواہش کے مطابق ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے اپنے خطبہ جمعہ میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران اور اقوامِ متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کی معطلی پر عمل کرے، کیونکہ یہ فیصلہ عوامی خواہش کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایجنسی نے ایران کی خفیہ دستاویزات کو اسرائیل کے حوالے کر کے ایران سے دھوکا کیا ہے، اس لیے اب ایران کا اس ادارے سے تعاون روک دینا پوری قوم کا مطالبہ ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کی سورہ توبہ کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سچے اہل ایمان کو دین کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا بہترین صلہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ وعدہ صرف ابتدائی مسلمانوں سے نہیں بلکہ ہر دور کے مومنوں سے ہے، جو دین کے لیے جدوجہد کرتے ہیں، خواہ وہ عسکری میدان میں ہو، ثقافتی، اقتصادی یا سیاسی محاذ پر۔

آیت اللہ سعیدی نے محرم کے مہینے کو اسلامی انقلاب کی تاریخ میں فیصلہ کن قرار دیا اور کہا کہ انقلابِ اسلامی کا آغاز اور کامیابی اسی ماہ کی قربانیوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کربلا کا واقعہ محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ظالموں کے خلاف ہمیشہ جاری رہنے والی جدوجہد کی علامت ہے۔

انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے جنگ بندی کہا جا سکتا ہے، صلح نہیں۔ ان کے بقول ایران نے اپنے دفاع میں نہ صرف اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ امریکہ کی جھوٹی برتری کو بھی چیلنج کیا۔

آخر میں آیت اللہ سعیدی نے رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت کو حالیہ کامیابیوں کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہوئے قوم اور رہبر دونوں کو مبارکباد دی اور عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے جاسوسوں کو سخت سزا دی جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha