حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے حسینیہ اعظم فاطمیہ میں نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ زیارتِ اربعین ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی میں ایک نقطۂ عطف کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عظیم نعمت پر اہل تشیع، خصوصاً عراقی مؤمنین کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے امام صادق علیہ السلام کی ایک حدیث نقل کی جس میں بیان ہوا کہ فرشتے زائرینِ امام حسین علیہ السلام کے چہرے اپنے ہاتھوں سے مس کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ صبح و شام ان پر جنت کے طعام نازل فرماتا ہے۔ انہوں نے مؤمنین سے کہا کہ اس خدمت میں سبقت لے جانا سعادت ہے۔
خطبہ جمعہ میں غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قحط اور نسل کشی کی صورت حال اختیار کر چکی ہے، اور اب تک 124 بچے بھوک سے جان بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مصری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امدادی راستے کھولے تاکہ فلسطینی عوام کو نجات دی جا سکے۔
عراقی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے نے بعث پارٹی کی ترویج کرنے والے افراد کو گرفتار کیا، جس پر انہوں نے سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آبی بحران پر شدید تشویش ظاہر کی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی دین میں استقامت کو انسانی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر ولایت اور دین خدا کے، انسان فقط فساد اور خونریزی کا شکار ہوگا۔
آخر میں انہوں نے بعثی حکومت کی طرف سے شعائر حسینی کی سرکوبی پر مبنی محرمانہ اسناد کا حوالہ دیتے ہوئے دشمنان حسینی کے چہرے کو بے نقاب کیا۔









آپ کا تبصرہ