حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام بارگاہ و مسجد علی رضا علیہ السّلام گوٹھ غوث بخش تحصیل تمبو ضلع نصیر آباد بلوچستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں حجت الاسلام مولانا ضامن علی نے فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے نمازِ جمعہ کے پہلے خطبے میں شب ضربت امیر المؤمنین علیہ السّلام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مؤمن کی خصوصیات کو قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیل سے بیان کیا۔
انہوں نے رمضان المبارک کو عبادت کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السّلام کی عبادت کی کیفیت پر نیز روشنی ڈالی۔
مولانا نے دوسرے خطبے میں عالم اسلام کے حالات خاص طور پر فلسطین کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے یوم القدس کی ریلیوں میں مؤمنین کو بھرپور شرکت کی دعوت دی۔
انہوں نے فلسطین کو جغرافیائی اعتبار سے عالم اسلام کا اہم ترین حصہ قرار دیا اور اسلامی حکومتوں سے فلسطین کی آزادی کیلئے اہم کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
حجت الاسلام ضامن علی نے امریکہ و اسرائیل کی دوہری پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور غاصب اسرائیل حقوقِ انسانی اور آزادی بیان کا جھوٹا نعرہ تو لگاتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہی کھلی مخالفت کرتے ہیں، جس کی واضع مثال، حالیہ دنوں غزہ میں اقوام متحدہ کے رپورٹر کا قتل ہے۔
واضح رہے جمعہ کے اجتماع میں، حجت الاسلام مولانا اشرف سراج، حجت الاسلام مولانا افتخار حسین میر اور حجت الاسلام مولانا علی نواز سمیت مؤمنین کی کثیر تعداد شریک تھی۔