حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ نجف اشرف حجت الاسلام و المسلمین سید صدر الدین قبانچی نے اس ہفتے جمعہ کے خطبوں میں اس بات پر زور دیا کہ عراقی انٹیلی جنس ادارے اور سیکیورٹی فورسز ملک کی امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کے ساتھ دہشتگردوں کی باقیات کا پیچھا کرے۔
انہوں نے بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں میں شہید ہونے والے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ دشمن ہم سے نفرت کی بنیاد پر مزدور اور محنت کش افراد پر رحم نہیں کر رہے ہیں۔ہمارے دشمن جنگ میں شکست سے دوچار ہونے کے بعد قتل و غارتگری کا بازار کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔
ہم ایک ایسی قوم ہیں کہ دعا اور شہادت ہماری ثقافت ہے
امام جمعہ نجف اشرف نے بیان کیا کہ یہ اقدامات،عراق کے آزادی اور استقلال کی طرف بڑھنے والے عزم و ہمت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں اور ہم ایک ایسی قوم ہیں کہ دعا اور شہادت ہماری ثقافت ہے۔ہاں! ان دہشت گردانہ کارروائیوں پر دلوں کو اداس ہونا چاہیے اور آنکھوں کو اشک بار ہونا چاہیے، لیکن ہم صرف وہی کہتے ہیں جس سے خدا راضی ہوتا ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین سید صدر الدین نے اپنے دوسرے خطبے میں بائیڈن حکومت سے ٹرمپ کو عراقیوں کا خون بہانے کے جرم میں عراق کا حوالہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے، مزید کہا کہ فرعون عصر اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے اور تاریخ کے کوڑے دان کی نذر ہو گیا ہے۔
ٹرمپ دنیا کا پست ترین صدر ہے
انہوں نے بیان کیا کہ ٹرمپ دنیا کا سب سے زیادہ ذلیل و خوار صدر ہے اور ان کے سیاسی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے اور عدالتیں اس کی منتظر ہیں۔ہم اس فتح کامرانی پر خدائے متعال کا شکر ادا کرتے ہیں ، کیوں کہ وہ متکبروں اور سرکشوں کو ذلیل و خوار کرنے والے ہے۔
خطیب حرم امیر المؤمنین (ع) نے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے عالمی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں حالیہ دنوں ، چین نے 28 اور جمہوریہ اسلامی ایران نے 48 امریکیوں پر پابندیاں عائد کردیں اور عراقی عدالت نے ٹرمپ کو عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے اپنے خطبے میں،جن چیزوں کی جانب نگاہ کرنا مستحب ہے،کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مستحب اعمال میں قرآن مجید ، کعبہ ، عالم دین کا چہرہ ، مؤمن کا چہرہ اور بچوں کا والدین کی طرف محبت آمیز نگاہ، والدین کا بچوں کی طرف محبت بھری نگاہ ڈالنا اور علم حاصل کرنے کے لئے کتاب دیکھنا ، مہینے کی پہلی کا چاند دیکھنا ، انسانی خدمت اور قرآنی آیات پر توجہ دینا شامل ہیں۔
آخر میں، حجت الاسلام و المسلمین قبانچی نے آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کی، "قرآن مجید کی تلاوت آخری الہی پیغام کے طور پر کرنا، نہج البلاغہ کی تلاوت قرآن مجید کی روح کے عنوان سے کرنے اور صحیفہ سجادیہ کی دعاؤں کو امام زین العابدین علیہ السلام کے پیغام کے عنوان سے پڑھنے کی سفارشات کی طرف اشارہ کیا۔