حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حشد الشعبی عراق کے سربراہ فالح الفیاض نے بغداد میں کئے جانے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ناکام کوششوں سے ہماری افواج کے ارادوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر ہمارے شہروں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا اور اس بار عوامی بازار میں دھماکہ کیا گیا جہاں تاجر، غریب اور مزدور طبقہ موجود تھا جس کی وجہ سے درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
حشد الشعبی کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردی کی ناکام کوششوں سے سکیورٹی فورسز کے ارادوں، صلاحیتوں اور داعش کو صفحہ ہستی سے مٹانے والی عوامی تحریک حشد الشعبی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ داعش کا دہشت گرد گروہ مختلف گروپس میں تقسیم ہو چکا ہے اور مختلف طریقوں سے اپنی موجودگی کو ثابت کرنا چاہتا ہے، لیکن یاد رکھو کہ ہماری افواج ان کے تعاقب میں ہیں اور دوبارہ داعش کو دہشت گردی کی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیں گی۔
الفیاض نے بیان کیا کہ ہم عوام کی مدد کرنے، دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی فورسز،حشد الشعبی اور انٹیلی جنس تنظیم کی طاقت اور اقتدار پر یقین رکھتے ہیں اور دشمنوں کے لئے کوئی محفوظ جگہ باقی نہیں رہے گی۔