۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
القدس ریلی، ضلع نصیر آباد بلوچستان

حوزہ / ضلع نصیر آباد بلوچستان پاکستان کی جامع مسجد امام رضا علیہ السّلام میں جمعۃ الوداع کی مناسبت سے عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ نمازِ جمعہ حجت الاسلام مولانا افتخار حسین میر کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ نمازِ جمعہ کے بعد یوم القدس کی مناسبت سے ریلی بھی نکالی گئی، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع نصیر آباد بلوچستان پاکستان کی جامع مسجد امام رضا علیہ السّلام میں جمعۃ الوداع کی مناسبت سے عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ نمازِ جمعہ حجت الاسلام مولانا افتخار حسین میر کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ نمازِ جمعہ کے بعد یوم القدس کی مناسبت سے ریلی بھی نکالی گئی، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

امام جمعہ مولانا افتخار حسین میر نے قرآن مجید کی معروف آیت یاایھا الذین آمنوا کتب علیکم الصيام کما کتب علی الذین من قبلکم لعلکم تتقون. کی تلاوت کرتے ہوئے لوگوں کو تقوی' اختیار کرنے کی تلقین کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خداوند متعال نے تقویٰ کا ملکہ انسان کو عطا کیا ہے، جس کے ذریعے انسان ہر رجس اور ناپاکی سے محفوظ رہتا ہے۔

مولانا نے کہا کہ جس طرح روزے دار کے درجات ہیں، اسی طرح تقویٰ کے بھی مختلف درجات ہیں۔ روزہ صرف بھوک اور پیاس سہنا نہیں ہے، بلکہ اپنے تمام اعضاء و جوارح کو برائی اور برے اعمال سے پاک رکھنا ہی اصل پروزہ کہلاتا ہے۔

انہوں نے جمعہ کے دوسرے خطبے میں مسئلہ فلسطین کو عالمی اور انسانی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ فلسطین ستر ہزار انبیاء کی سرزمین ہے اور مسلمانوں کا قبلہ اول بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین پر بولنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہمارے مولا نے فرمایا: کونا للظالم خصما و للمظلوم عونا. فلسطین کی حمایت میں بولنا ہم سب کا فریضہ ہے۔ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ فرماتے ہیں کہ ہم نتیجہ کے پیچھے نہیں ہیں، بلکہ ہمارا کام وظیفہ کی انجام دہی ہے۔

مولانا افتخار حسین میر نے کہا کہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا کہ قابض اسرائیل کے ناپاک وجود درحقیقت اسلام کے قلب پر خنجر کی طرح ہے اور امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے فرمان کے مطابق، اگر سارے مسلمان غاصب اسرائیل پر ایک ایک بالٹی پانی کا گرائیں تو وہ اسی پانی میں ہی غرق ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی قوم کے خلاف نہیں ہیں، یہودی اور صہیونیت میں فرق ہے اور آج صہیونی یہودی لبادہ اوڑھ کر اپنے آپ کو جرائم سے پاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں،

اور تمام اسلامی مفکرین کی طرف سے فلسطین کی حمایت کے لئے مختلف کام اور راہ حل پیش کئے گئے ہیں، لیکن فقیہ مجاہد بت شکن جہاں حضرت امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے مسلمانوں کے درمیان متعارف کروایا۔

آخر میں، انہوں نے فلسطینی مسلمانوں کے حق میں دعا کی اور نماز جمعہ کے بعد فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، اس موقع پر غاصب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف زبردست نعرہ لگایا گیا۔

واضح رہے یوم القدس کی ریلی کی قیادت قم المقدسہ سے تشریف لائے ہوئے فاضل علمائے کرام جناب حجت الاسلام مولانا رضا مفکر معروف شیر دل، حجت الاسلام مولانا محمد اشرف سراج، جناب برادر ضامن علی، حجت الاسلام شیخ افتخار میر اور شیخ نواز نے کی۔

حجت الاسلام شیخ رضا مفکر نے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے جرائم پر تفصیلی گفتگو کی اور مسئلہ فلسطین کو ایک عالمی مسئلہ قرار دیا۔

شیخ اشرف سراج گلتری نے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدس کا مسئلہ صرف فلسطین کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، لہٰذا اقوام عالم کو مسئلہ فلسطین سے متعلق بیداری اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

القدس ریلی میں شریک مؤمنین ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور پلے کارڈز لئے ہوئے تھے اور اس دوران غاصب اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .