۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجت الاسلام زوار حسین علوی

حوزہ / حجت الاسلام زوار حسین علوی نے کہا: اسرائیل اپنی شکست کو چھپانے کے لئے نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے لیکن اسے معلوم ہونا چاہئے کہ آخرکار فتح فلسطینیوں کی ہی ہو گی اور فلسطین اور بیت المقدس آزاد ہو کر رہے گا۔

حوزه نیوز ایجنسی کے مطابق، حجت الاسلام زوار حسین علوی نے پاکستان کے شہر جنڈ میں شہیداں چوک کی مسجد حضرت ولی عصر عج میں نماز جمعۃ الوداع (یوم القدس) کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں غزہ میں ساکن فلسطینیوں کے گھر تباہ ہو چکے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ وہاں پر کھانے پینے کی اشیاء کی انتہائی قلت ہے، وہاں پر بھوک اور افلاس کا عالم ہے۔

انہوں نے کہا: اسرائیل کی بربریت کا یہ عالم ہے کہ وه امدادی سرگرمیوں میں مصروف افراد کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ گذشتہ ہفتے امدادی سرگرمیوں میں مصروف 7 افراد اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں جان بحق ہوئے۔

حجت الاسلام زوار علوی نے مزید کہا: اس کے علاوہ گذشتہ ہفتے تمام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا۔ جس کے نتیجہ میں ایرانی جنرل سمیت 8 افراد شہید ہو گئے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس پر امریکہ اور یورپی ممالک کے حکام نہ صرف اس حادثہ کی نہ صرف مذمت نہیں کر رہے بلکہ وہ اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: میری امت اسلامی سے اپیل ہے کہ وہ اسرائیل کی اس ظلم و بربریت پر صدائے احتجاج بلند کریں اور اپنے حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ مظلوم نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکا جا سکے۔

حجت الاسلام علوی نے آخر میں کہا: اسرائیل کی شکست یقینی ہے اور یہ وعدہ خداوندی ہے۔ وہ دن دور نہیں کہ جب مقبوضہ فلسطین پر خود فلسطین کا پرچم لہرائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .