۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ، القدس ریلی

حوزہ / حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ، تحریک بیداری امت مصطفی لاہور کے تحت مورخہ 05 اپریل 2024ء کو یوم القدس منایا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، عالمی یوم القدس کے موقع پر لاہور کی تاریخی فیروزپور روڈ ، مردہ باد امریکہ و اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیر اہتمام نکالی جانے والی القدس ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں باحجاب خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: دنیا کے نقشے پر ناجائز وجود پانے والی ریاست کو امام خمینیؒ نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا تھا اور امت کو اس کی آزادی کی راہ جہاد کی صورت دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ دن ہے جو امام خمینی کی جدت عمل سے قدس شریف اور مظلوم فلسطینیوں کے بارے میں مسلمانوں کی آوازوں کو ایک لڑی میں پرونے کا ذریعہ بن گیا۔

مسئلہ فلسطین ایسا نہیں ہے جسے مسلمان اقوام کی غیرت فراموش ہو جانے دے گی

انہوں نے کہا کہ استکبار اور صیہونیت کی بنیادی پالیسی مسلمان معاشروں کے اذہان میں مسئلہ فلسطین کو بے رنگ کر دینا اور فراموشی کی طرف دھکیل دینا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہم سب کا فوری فریضہ اس خیانت کا سد باب ہے جو اسلامی ممالک میں دشمن کے سیاسی اور ثقافتی ایجنٹوں کے ذریعے انجام پا رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مسئلہ فلسطین ایسا قضیہ نہیں ہے جسے مسلمان اقوام کی غیرت فراموش ہو جانے دے گی حالانکہ اس مقصد کے لئے امریکہ اور دیگر تسلط پسند طاقتیں اور ان کے مہرے اپنا پیسہ اور طاقت استعمال کر رہے ہیں۔

علامہ سید جواد نقوی نے مزید کہا کہ نسل کشی، قتل عام اور عورتوں، بچوں، مریضوں اور اسپتالوں پر حملے جیسے صیہونی حکومت کے جرائم کی حالیہ تاریخ میں کوئي مثال نہیں ملتی اور جرائم اس حد تک ہیں کہ یورپ اور امریکا میں مغربی کلچر کے پروردہ افراد تک نے صدائے احتجاج بلند کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اور عسکری شعبے میں برتری کی دعویدار حکومت کو انتہائی محدود وسائل والے ایک مزاحمتی گروہ نے انٹیلی جنس کے شعبے میں ایک بڑی شکست سے دوچار کر دیا ہے اور صیہونی حکومت کی اس شکست کی نہ تو تلافی ہو سکی ہے اور نہ ہی آگے ہوگي۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کو امریکا کی جانب سے حاصل تمام تر فوجی، مالی اور سیاسی حمایت منجملہ قراردادوں کو ویٹو کیے جانے کے باوجود صیہونی اپنا اعلان کردہ ایک بھی ہدف حاصل نہیں کر سکے۔ دراصل صیہونیوں کی درندگي اور بے قصور بچوں اور عورتوں کا قتل عام مزاحمتی فورسز کے مجاہدین کے سامنے صیہونیوں کی لاچاری کی وجہ سے ہے اور یقینی طور پر صیہونیوں کی شکست جاری رہے گي۔

تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ نے جدوجہد کے تسلسل، مجاہد تنظیموں کی مزید تقویت، اور جہاد کا دائرہ پورے عالم اسلام تک پھیلائے جانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ سب کو چاہئے کہ فلسطینی مجاہدین کو پوری طرح لیس کریں اور اس کی پشت پناہی میں اضافہ کریں۔

واضح رہے کہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ’’القدس ریلیز‘‘ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور بلتستان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں القدس ریلیاں منعقد ہوئیں۔

مسئلہ فلسطین ایسا نہیں ہے جسے مسلمان اقوام کی غیرت فراموش ہو جانے دے گی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .