ہفتہ 13 ستمبر 2025 - 12:44
مسئلہ فلسطین کو دبانے کی کوشش ناکام، یہ عالمی مسئلہ بن گیا: امام جمعہ نجف اشرف

حوزہ/ نجف اشرف کے امام جمعہ، حجت الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے دوحہ پر حملہ اور یمن پر بمباری کو عالمی برادری نے بس خاموشی کے ساتھ دیکھا، بس چند رسمی اور بے اثر بیانات ہی سامنے آئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ، حجت الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے دوحہ پر حملہ اور یمن پر بمباری کو عالمی برادری نے بس خاموشی کے ساتھ دیکھا، بس چند رسمی اور بے اثر بیانات ہی سامنے آئے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان سنگین جرائم کے مقابلے میں ہمیں اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات اور سزائیں طلب کرنے کا حق ہے، جبکہ اقوام متحدہ بھی ان تخلفات کو تسلیم اور محکوم کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ہفتے امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی کا قتل ہوا جس کے بعد امریکہ نے ایک روزہ سوگ منایا، ایسا واقعہ اس سے قبل صرف 1963ء میں صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے بعد پیش آیا تھا۔ ان کے بقول، یہ اس بات کی علامت ہے کہ امریکہ کی داخلی فضا غیر محفوظ ہے اور ملک ایک حقیقی بحران سے دوچار ہے۔

امام جمعہ نجف اشرف نے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین آج پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ صہیونی طاقتیں اسے تاریخ کے پردوں میں دفن کرنا چاہتی تھیں، لیکن یہ زندہ حقیقت بن کر خود اسرائیلی معاشرے کے اندر بھی تقسیم اور دراڑ کا سبب بن گئی ہے۔

انہوں نے امریکی کانگریس کے اُس فیصلے کی بھی تائید کی جس کے تحت صدر کے عراق میں جنگی اختیارات ختم کیے گئے۔ ان کے مطابق یہ اقدام درست سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔

خطیب نماز جمعہ نے بعض انتہا پسندوں کی شیعہ مخالف نفرت انگیز تقاریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان گالیوں اور نفرتوں کا جواب گالی اور بددعا سے نہیں دیں گے بلکہ قرآن کی روشنی میں حسن سلوک اور نرمی سے جواب دیں گے، جیسا کہ ارشاد ہے: «وَیَدْرَؤُونَ بِالْحَسَنَةِ السَّیِّئَةَ» (وہ برائی کو بھلائی سے ٹالتے ہیں)۔

انہوں نے عراق میں پانی کی قلت، دلدلوں اور نہروں کے خشک ہونے، زراعت اور مویشیوں کی تباہی کو سنگین بحران قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کر کے عوام کو اس مصیبت سے نجات دلائے۔

آخر میں، امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے قبانچی نے وضاحت کی کہ "جعفری" ہونا صرف نام رکھنے کا معاملہ نہیں بلکہ عملی کردار کا تقاضا ہے۔ انہوں نے امام صادق علیہ السلام کی حدیث نقل کی: "اگر کوئی شخص متقی، سچا، امانتدار اور خوش اخلاق ہو تو کہا جائے گا کہ وہ جعفری ہے۔"

قبانچی نے کہا کہ آج ہمیں اپنی اخلاقی زندگی، اہل بیت علیہم السلام کی معرفت اور اسلام و مسلمین کے دفاع میں جہاد اور قربانی کے ذریعے حقیقی جعفری اخلاق کا نمائندہ بننا ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha