۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
خاتمی

حوزہ/ امام جمعہ تہران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے فلسطین پر جاری غاصب اسرائیل کے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل؛ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای کی 25 سالہ پیشگوئی سے پہلے ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تہران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے فلسطین پر جاری غاصب اسرائیل کے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل؛ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای کی 25 سالہ پیشگوئی سے پہلے ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو اللہ تعالٰی کے وعدے پر یقین رکھنا چاہیئے، ان شاءاللہ مظلوم فلسطینی باقی رہیں گے، جبکہ غاصب اور ظالم صہیونی مٹ جائیں گے۔

خطیبِ نمازِ جمعہ تہران نے نائجیریا کے مجاہد عالم دین شیخ ابراہیم زکزاکی کو نمازِ جمعہ کے اجتماع میں خوش آمدید کہا اور ان کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے فلسطین کے موجودہ حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مجاہدین نے طوفان الاقصیٰ کے نام سے ایک ایسے آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔ پتھر سے غاصب صہیونیوں کا مقابلہ کرنے والے فلسطینی مجاہدین نے، آج میزائل حملوں کے ذریعے غاصب اسرائیل کو پسپا کیا ہے اور سینکڑوں صہیونی فوجیوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی پیشن گوئی سچ ثابت ہورہی ہے کہ غاصب صہیونی حکومت کو آئندہ 25 سال دیکھنا نصیب نہیں ہوگا۔

امام جمعہ تہران نے کہا کہ اب تک فلسطینی نڈر مجاہدین کے حملوں کے جواب میں غاصب صہیونی حکومت نے غزہ کے عوام پر پانی، بجلی اور زندگی کی ضروریات کو بند کردیا ہے، جبکہ 1200 بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ اگر غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو اسے مزید سخت جواب ملے گا۔

انہوں نے طوفان الاقصیٰ آپریشن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی شکست کا حقیقی سبب، خود غاصب صہیونی حکومت ہے، لیکن اس کے باوجود غاصب اسرائیل کے حامی ممالک امریکہ اور برطانیہ نے میدان میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی عوام ہمیشہ کی طرح فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے اور بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینی مہاجرین کی اپنے گھروں میں واپسی تک مظلوموں کا ساتھ دیں گے۔

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ انقلابِ اسلامی کی برکت سے آج دنیا میں بیداری اور مقاومت کا سلسلہ جاری ہے۔ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے فرمایا تھا: ہم انقلابِ اسلامی کو دنیا میں پھیلائیں گے۔ دشمن مسئلہ فلسطین سے توجہ ہٹانا چاہتا تھا، لیکن امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے کھل کر اعلان کیا کہ فلسطین زندہ رہے گا۔

امام جمعہ تہران نے کہا کہ آج غاصب صہیونی خود کو مظلوم بنا کر پیش کررہے ہیں اور اس کیلئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ دنیا کے سامنے غاصب صہیونی حکومت کے مظالم کی تصاویر نمایاں ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر 1200 فلسطینیوں کو شہید کرنے والے کیسے مظلوم ہوئے؟ رہائشی عمارتوں کو مکینوں کے ساتھ تباہ، ہزاروں بچوں اور خواتین کو زخمی کرنے والی یہ غاصب حکومت مظلوم نہیں، بلکہ ظالم ہے۔

آخر میں انہوں نے ان بے بصیرت اور دشمن کے آلہ کاروں پر افسوس کیا، جو طوفان الاقصیٰ کی آڑ میں غاصب ظالم کے چہرے پر مظلومیت کا پردہ ڈالنے میں مصروف ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .