ہفتہ 19 اپریل 2025 - 17:56
حماس اور حزب اللہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں: حجۃ الاسلام سعیدی فاضل

حوزہ/ سربراہ نمایندگی جامعة‌ المصطفی العالمیہ خراسان حجۃ الاسلام والمسلمین روح‌ اللہ سعیدی فاضل نے مشہد میں طلاب اور علمائے کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس اور حزب اللہ نہ صرف باقی ہیں بلکہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو چکے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ نمایندگی جامعة‌ المصطفی العالمیہ خراسان حجۃ الاسلام والمسلمین روح‌ اللہ سعیدی فاضل نے مشہد میں طلاب اور علمائے کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس اور حزب اللہ نہ صرف باقی ہیں بلکہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان کی تباہی کو میدان جنگ تصور کرنا غلط ہے، اصل میدان ایمان اور کفر کے درمیان تمدنی تقابل کا ہے۔

انہوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں حالیہ جنگ کو "جنگِ وجودی" قرار دیا گیا ہے، یعنی ایسی جنگ جس میں ایک فریق کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔

حجۃ الاسلام سعیدی فاضل نے دشمن کے پانچ بڑے منصوبوں کی نشان دہی کی، جن میں غزہ کی تباہی، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوشش، ایران پر مذاکرات کے لیے دباؤ، شام و یمن کو کمزور کرنا اور اسلامی مزاحمت کو بے اثر ظاہر کرنا شامل ہے۔

انہوں نے تین خطرناک فکری ہتھیاروں کی بھی نشاندہی کی: ارجاف (افواہ و خوف پھیلانا)، سازش (مفاہمت کی کوشش) اور تعویق (عمل میں تاخیر)۔ ان کے مطابق، یہ عناصر امت اسلامی کے اندر سے مزاحمت کو کمزور کرتے ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ مزاحمت صرف عسکری نہیں بلکہ فکری اور تبلیغی میدان میں بھی ہونی چاہیے اور علمائے کرام، طلاب اور میڈیا کو اس محاذ پر بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha