اتوار 20 اپریل 2025 - 16:28
کولمبیا کے صدر کا فلسطینیوں اور حضرت عیسیٰؑ کے درمیان موازنہ

حوزہ/ کولمبیا کے صدر گوستاو پیٹرو نے جمعے کے روز اپنی تقریر میں فلسطینیوں کی تکلیف دہ حالت کا حضرت عیسیٰ مسیحؑ کی زندگی کے ساتھ موازنہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولمبیا کے صدر نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے مصائب کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مصائب سے تشبیہ دی۔

پیٹرو نے ممتاز فلسطینی ڈاکٹر حسام ابو صفیہ (جسے صہیونی حکومت نے حراست میں لے رکھا ہے) کے بارے میں ایک پیغام کے جواب میں کہا: "آئیے ہم غزہ میں اسرائیل کے خونخوار اور بے رحمانہ نسل کشی اور مظلوم فلسطینی عوام کے مصائب میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دکھوں اور تکالیف کی جھلک دیکھیں اور اس پر غور کریں۔"

ڈاکٹر ابو صفیہ شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر تھے جنہیں اس سال کے آغاز میں اسرائیلی فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی میڈیا نے گزشتہ ہفتوں میں ان کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں بارہا انتباہ کیا ہے، لیکن وہ اب بھی بدسلوکی اور تشدد کا شکار ہیں۔

صدر پیٹرو نے یہ تقریر مسیحیوں کے مقدس ہفتہ (Holy Week) کے موقع پر کی اور اس کے تقدس پر زور دیا۔ کولمبیا کے صدر صہیونی ریاست کے غزہ میں مظالم کی مذمت کرنے والے سرکردہ عالمی رہنماؤں میں سے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایک اہم مذہبی موقع پر دیا گیا ہے جس میں مسیحی روایات کے حوالے سے فلسطینیوں کے جاری مصائب کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha