حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی خود مختار اتھارٹی کے وزارت خارجہ نے عبرانی میڈیا میں صہیونی آبادکار تنظیموں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو منہدم کرنے اور اس کی جگہ جعلی ہیکل سلیمانی تعمیر کرنے کے منصوبوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے ان خطرناک منصوبوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو صہیونی آبادکار تنظیموں سے وابستہ میڈیا پلیٹ فارمز پر مسجد اقصیٰ کو اڑانے اور اس کی جگہ جعلی ہیکل سلیمانی بنانے کے حوالے سے گردش کر رہے ہیں۔ فلسطینی خبر ایجنسی "وفا" کے حوالے سے، وزارت خارجہ نے آج (ہفتے) کہا کہ ان منصوبوں کا اعلان ایک منظم اشتعال انگیزی ہے جس کا مقصد مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اور مسیحی مقدسات کو نشانہ بنانا ہے۔ خاص طور پر اسرائیل پر قابض انتہائی دائیں بازو کی قوتیں محسوس کر رہی ہیں کہ وہ غزہ میں نسل کشی کے جرائم کے خلاف عالمی ردعمل کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے توسیع پسندانہ اور نسل پرستانہ یہودی کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھا سکتی ہیں۔
فلسطینی خود مختار اتھارٹی نے بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان اشتعال انگیز اقدامات کو سنجیدگی سے لیں اور صہیونی حکومت کے فلسطینی عوام کے خلاف اقدامات کو روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ٹھوس اقدامات کریں۔ گزشتہ جمعرات کو ہزاروں صہیونیوں نے یہودی عید "پیسح" کے پانچویں دن مسجد اقصیٰ اور باب الرحمہ پر یلغار کی تھی۔









آپ کا تبصرہ