حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایک اور امریکی ڈرون MQ-9 کو سرنگوں کر دیا ہے، جس کے بعد حالیہ مہینوں میں یمن کی سرزمین پر مار گرائے گئے ڈرونز کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔
یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے بتایا کہ یہ جدید امریکی ڈرون ہفتے کے روز صوبہ صنعاء کی فضائی حدود میں ایک جارحانہ مشن پر تھا، اسی وقت اسے ایک زمین سے فضا میں حملہ کرنے والے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا MQ-9 ڈرون ہے جسے یمنی افواج نے تباہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین اور مزاحمتی محاذ کے دفاع میں شروع کی گئی کارروائیوں کے بعد سے یہ 21 واں MQ-9 ڈرون ہے جو یمنی دفاعی نظام کے ہاتھوں تباہ ہوا۔
واضح رہے کہ MQ-9 ایک جدید اور مہنگا ڈرون ہے جس کی قیمت تقریباً 33 ملین امریکی ڈالر تک ہوتی ہے۔ یہ ڈرون امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے انٹیلی جنس، نگرانی، ہدف شناسی اور حملوں جیسے مختلف فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یمنی افواج کی مسلسل کامیابیاں خطے میں امریکہ کی فضائی برتری کو چیلنج کر رہی ہیں اور یہ کارروائیاں فلسطین کے دفاع کے تناظر میں یمن کے عزم کا مظہر سمجھی جا رہی ہیں۔









آپ کا تبصرہ