حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عید الفطر کے دن فرشتے اللہ تعالیٰ کے حکم سے نازل ہو کر اپنے خدا کے صالح عبادت گذار بندوں کو تحفے اور ہدایہ پیش کرتے ہیں۔ عید الفطر کا دن اللہ تعالیٰ کی عبادت اور بندگی کے انعام کا دن ہے۔ ہم آج کے دن ولی اللہ الاعظم حضرت امام زمانہ علیہ السلام سے تجدید عہد اور تجدید بیعت کرتے ہیں۔
مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں نماز عید الفطر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عید کے دن فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یمن فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں، جنہوں نے غاصب اسرائیل کے مظالم کا جوان مردی سے مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے غیرت مند عوام غزہ اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور فلسطینیوں کے صبر و استقامت کو پوری دنیا سلام پیش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے سات کروڑ عوام کینالز کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مگر کوئی عوام کی آواز سننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ نون لیگ کی وفاقی حکومت صوبوں کے عوام کے درمیان نفرت اور لسانی تعصب کو ہوا دے رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو بھی چاہئے کہ وہ دوھری پالیسی چھوڑ کر سندھ کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہو اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرے کہ اگر ناجائز کینالز کا کام بند نہیں کیا جاتا تو پیپلز پارٹی حکومت سے الگ ہو جائے گی۔ سندھ کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کینالز کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ