۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
ملاقات

حوزہ/وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے پرنسپل آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے چیئرمین پیپلز پارٹی سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات اور مختلف موضوعات پر گفتگو کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے پرنسپل آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے چیئرمین پیپلز پارٹی سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات اور مختلف موضوعات پر گفتگو کی ہے۔

ملاقات میں علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ صفدر نقوی، سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی، ذوالفقار علی بدر، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل اورسابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی موجود تھیں۔

آیت اللہ سید حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ سیاست کو گالم گلوچ اور بہتان بازی سے پاک ہونا چاہیئے، ہمیں قوم کو متحد کرنے کی بات کرنی چاہیئے۔ 8 فروری کے عام انتخابات کے نتیجے میں جو جماعت بھی اقتدار میں آئے، اسے غریب کی مشکلات کو حل کرنے، مہنگائی بیروز گاری کے خاتمے، ملکی استحکام اور قوم کو متحد کرنے کے ایجنڈے پر عمل کرنا چاہیئے، تاکہ دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو اور ملک ترقی کرے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے عوام دوست سیاست کی اور قابل فخر کارنامے سرانجام دیئے، جو آج بھی پاکستان کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔

حافظ ریاض نجفی نے لاہور سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری کے الیکشن میں حصہ لینے اور ان کی پنجاب پر توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی آبادی کا آدھے سے زیادہ حصہ پنجاب ہے، اس صوبے پر توجہ کے پاکستانی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ متحد رکھنے اور شائستگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں اور اختلاف رائے کا اظہار بھی شائستگی سے ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوامی خدمت کا پروگرام لے کر آئے ہیں اور پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو ملک ترقی کرے گا۔

آیت اللہ سید حافظ ریاض نجفی نے بلاول بھٹو زرداری کو دعائیں دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفاق المدارس الشیعہ کی سپریم کونسل کے رکن مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی رحمتہ اللہ علیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کے امام خمینی ہال میں علامہ محمد افضل حیدری اور علامہ مرید حسین نقوی کے ہمراہ ولادت امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام کا کیک بھی کاٹا۔

تقریب کے موقع پر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، شہلا رضا اور سید منیر حسین گیلانی بھی موجود تھے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .